سعودی عرب کی فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام خواتین کی فٹ بال لیگ کےآغازکا اعلان
سعودی عرب کی فٹ بال فیڈریشن (ایس اے ایف ایف،ساف) نے سعودی خواتین کی فٹ بال لیگ کے پہلے ایڈیشن کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اقدام2017 سے خواتین کے فٹ بال اسپورٹ پروگرام کے لیے مختص فیڈریشن کے ٹائم فریم کے تحت کیا جارہا ہے۔
خواتین لیگ کا آغاز 22 نومبر2021ء سے ہوگا۔ڈومیسٹک ریجنل لیگ دومرحلوں میں منعقد ہوگی۔اس کے پہلے مرحلے میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔یہ ٹیمیں سعودی عرب کے تین شہروں الریاض، جدہ اور الدمام میں اپنے میچ کھیلیں گی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی فٹ بال فیڈریشن کے صدر یاسرالمشعل کا کہنا ہے کہ خواتین لیگ کے انعقاد کااعلان ساف کی تاریخ کا سب سے اہم لمحہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’خواتین فٹ بال لیگ کے تمام متعلقہ قواعدوضوابط کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ فیڈریشن سعودی خواتین فٹ بال کے اس ایڈیشن کی اہمیت کی وجہ سے ان قواعدوضوابط پرعمل درآمد کی خواہاں ہے۔‘‘