.

سعودی عرب کی توکلناایپ میں اب پاسپورٹ ڈیٹا شامل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی توکلناایپلی کیشن میں اب پاسپورٹ کا ڈیٹا بھی شامل کردیاگیا ہے۔یہ ایپ مملکت میں کووِڈ-19 کے پھیلاؤکا سراغ لگانے کے لیے متعارف کرائی گئی تھی۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق (شہری اور مکین)توکلناایپ کے ذریعے اپنا پاسپورٹ ڈیٹا ملاحظہ کرسکتے ہیں یا اپنے اضافی ملحقہ اداروں میں سے کسی ایک کا ڈیٹا دیکھ سکتے ہیں۔

مملکت میں کووِڈ-19 کی ٹریکنگ ایپ کے آغاز کے بعد سے اب تک اس کے دوکروڑ سے زیادہ صارفین ہو چکے ہیں۔سعودی وزارت صحت نے گذشتہ سال مئی میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے یہ ایپ متعارف کرائی تھی۔

ابتدا میں اس ایپ کے ذریعے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کرفیو کے دوران میں سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو اجازت نامے جاری کیے جاتے تھے اور اس کے مجاز شہریوں ،ملازمین اور حکام ہی کو آزادانہ نقل وحرکت کی اجازت دی جاتی تھی۔

خدمات کی ڈیجیٹل نظام میں منتقلی

گذشتہ ماہ یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سعودی عرب ایک الیکٹرانک چپ متعارف کرانے والا ہے۔اس میں شہریوں کا ڈیٹا شامل ہوگا اور اسے ان کے پاسپورٹ سے منسلک کیا جائے گا کیونکہ مملکت اپنی خدمات کو ڈیجیٹل منتقل کررہی ہے۔

وزارت داخلہ کے ایک ذریعے نے بتایا تھا کہ مملکت آیندہ چندہ ماہ کے دوران میں ڈیجیٹل قومی شناختی کارڈ متعارف کرائے گی اور اس کا ڈیٹا پاسپورٹس سے منسلک ہوگا۔

اس ذریعے نے بتایا تھا کہ ڈیجیٹل ویزا کے اجراء کے وقت بائیومیٹرک اور فنگرپرنٹ رجسٹریشن بھی دستیاب ہوگی اور لوگوں کو سفارت خانوں میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔