سعودی تداول گروپ نے اپنی ابتدائی عوامی پیش کش (آئی پی او)کی قیمت 25 ڈالر(95 سعودی ریال) سے 28 ڈالر (105 ریال) فی حصص مقرر کی ہے۔
سرکاری سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے8 نومبرکو خبردی تھی کہ تداول گروپ اپنے تین کروڑ60 لاکھ عام حصص کی پیش کش کررہا ہے۔یہ کمپنی کے کل12 کروڑ حصص کے سرمائے کا 30 فی صد ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی اسٹاک ایکس چینج (تداول) کو مارچ 2021ء میں ہولڈنگ گروپ کے ڈھانچے میں تبدیل کیا گیا تھا اوراس کے بعد سعودی تداول گروپ کا قیام عمل میں آیا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق کمپنی کے حصص کا سعودی عرب کی مرکزی اسٹاک ایکس چینج (تداول) میں اندراج کیا جائے گا۔اس سے پہلے کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی اورسعودی تداول کے ساتھ پیش کش اوراندراج سے متعلق تمام طریق کار کی تکمیل کی جائے گی۔
سعودی عرب کاسرکاری سرمایہ کاری فنڈ(پی آئی ایف) تداول کے حصص فروخت کے لیے پیش کررہا ہے۔کمپنی کے حصص انفرادی اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کو عوامی سبسکرپشن کے ذریعے پیش کیے جائیں گے۔ان میں امریکا سے باہر واقع غیر ملکی مالیاتی ادارے بھی شامل ہیں۔
سعودی تداول گروپ کے پورٹ فولیومیں مکمل ملکیت کے چار ذیلی ادارے شامل ہیں:سعودی تداول کمپنی،مارکیٹ سرمایہ کاری کے لحاظ سے یہ دنیا کی سب سے بڑی مالیاتی منڈیوں میں سے ایک ہے، سکیورٹیز ڈپازیٹری سنٹر کمپنی (ادعا)، سکیورٹیز کلیئرنگ سنٹرکمپنی (مقسا) اور وامد، یہ اس گروپ کا اطلاقی ٹیکنالوجی سروسز کا کاروبار اور اختراعی بازو ہے۔