مصر : طوفانی بارشیں اور سیلابی صورت حال ، ہائی الرٹ کا اعلان اور تعلیمی عمل معطل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

مصر میں حکام نے موسم کی خراب صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے انتہائی درجے کی ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ ملک کو آج اتوار کو علی الصبح سے مذکورہ صورت حال کا سامنا ہے۔

Advertisement

حکام نے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ اسکولوں اور جامعات میں تعلیمی عمل معطل کر دیا گیا ہے۔

مصری وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر حسام عبدالغفار کے مطابق موسم کی تازہ ترین صورت حال کے سبب پورے ملک میں ہائی الرٹ کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتالوں کے ہنگامی شعبہ جات میں دوائیں اور طبی لوازمات دستیاب ہیں اور خون کا بھی کافی ذخیرہ موجود ہے۔

اسی سلسلے میں مصر کے کئی صوبوں میں اسکولوں اور جامعات میں تدریسی عمل معطل کر دیا گیا ہے۔ ان صوبوں میں قاہرہ، اسکندریہ، جیزہ، قلیوبیہ، دقہلیہ، کفر الشیخ، دقہلیہ، مطروح اور دمیاط شامل ہیں۔

مصری محکمہ موسمیات میں تجزیات اور موسمی پیش گوئی مرکز کے سربراہ ڈاکٹر محمود شاہین کے مطابق موسم کی ناموافق صورت حال کل پیر کے روز اختتام پذیر ہو سکتی ہے۔

تیز بارشوں اور سیلابی صورت حال کے نتیجے میں قاہرہ، اسکندریہ، جیزہ، دقہلیہ، دمیاط، مطروح، بور سعید اور شمالی سیناء کے صوبوں میں سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں۔ اس کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت مفلوج ہو گئی ہے اور بعض مرکزی راستے بند ہو گئے ہیں۔

مقامی ترقی کے مصری وزیر نے ہدایت دی ہے کہ موسم کی خراب صورت حال کا سامنا کرنے والے صوبوں میں حالات معمول پر آنے تک ہائی الرٹ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط اور خبردار رہیں۔ درختوں، سائن بورڈز اور روشنیوں کے کھمبوں سے دور رہیں۔ گاڑی چلانے والے تیز رفتاری سے گریز کریں۔

مقبول خبریں اہم خبریں