جی سی سی کی متحدہ فوجی کمان کا الریاض میں نیا ہیڈ کوارٹر؛مشترکہ عزم کا پیغام
سعودی دارالحکومت الریاض میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی متحدہ فوجی کمان کا نیا ہیڈ کوارٹر قائم کیا گیا ہے۔جی سی سی نے اس کے بارے میں کہا ہے کہ یہ کونسل کی رکن ریاستوں کی کامیابیوں کے تحفظ کےعزم کا پیغام دیتا ہے۔
جی سی سی ممالک کے وزرائے دفاع نے پیرکو الریاض میں جنرل سیکرٹریٹ کے صدردفتر میں اپنا اٹھارواں اجلاس منعقد کیا ہے۔اس کی صدارت مملکت بحرین کے وزیردفاع لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ بن حسن النعیمی نے کی ہے۔
خلیجی ریاستوں کی رہ نماؤں کی سپریم کونسل نے اپنے گذشتہ اجلاس میں ’’مشترکہ جزیرہ نما شیلڈفورسز‘‘کمانڈ کا نام تبدیل کرنے سے اتفاق کیا تھا اوراس مقصد کے لیے مشترکہ دفاعی معاہدے کی دفعہ ششم میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس کے تحت اب اس کا نیا نام ’’خلیج تعاون کونسل کی مشترکہ فوجی کمان‘‘ رکھا گیا ہے۔
سپریم کونسل نے جی سی سی ریاستوں کے درمیان فوجی انضمام کے حوالے سے اپنے سترھویں اجلاس میں مشترکہ دفاعی کونسل کے فیصلوں کی بھی منظوری دی تھی اورجی سی سی ریاستوں کی اجتماعی سلامتی کے لیے فوجی انضمام کے لیے مشترکہ کوششوں کی حمایت کی تصدیق کی تھی۔