سری لنکا : ٹرانسپورٹ اور تعلیم کے سیکٹروں میں دو سعودی منصوبوں کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی ترقیاتی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو سلطان المرشد اور ان کے ہمراہ وفد نے منگل کے روز سری لنکا میں ایک ہائی وے (بیراڈانیا – باڈولا – چنکا لاڈی) کو بہتر بنانے کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ہائی ویز کے سری لنکن وزیر جونسٹن فرنانڈو بھی موجود تھے۔

سعودی فنڈ نے اس منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 6 کروڑ امریکی ڈالر کی فنڈنگ پیش کی ہے۔ یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ٹریفک حادثات کے نتیجے میں اموات اور زخمیوں کے تناسب میں کمی اور راستوں کی سلامتی کا معیار بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس منصوبے سے تیس لاکھ سے زیادہ افراد مستفید ہوں گے۔

افتتاحی تقریب کے دوران میں جونسٹن نے سری لنکا میں انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں کی ترقی کو سپورٹ کے لیے سعودی ترقیاتی فنڈ کے ذریعے مملکت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی زندگی کے واسطے بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان سے سماجی اور اوقتصادی حالات بہتر ہوں گے۔

سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پکشے اور سعودی ترقیاتی فنڈ سلطان المرشد نے ویامابا یونیورسٹی کے علاقے میں ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر سری لنکا میں سعودی سفیر عبدالناصر الحارثی ، سری لنکا کے وزیر تعلیم دنیش جوناواردینا اور ویامبا یونیورسٹی کے سربراہ بی جی سی سنجیوا پواتا بھی موجود تھے۔ اس منصوبے کی مجموعی مالیت 2.8 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔ اس کی فنڈنگ سعودی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے کی گئی ہے۔ منصوبے سے سالانہ 5 ہزار طلبہ و طالبات کے لیے تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے اور تعلیم کا معیار بھی بلند ہو گا۔

سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو سلطان المرشد کے مطابق مذکورہ منصوبے سری لنکا کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ سعودی ترقیاتی فنڈ نے گذشتہ 15 برسوں میں پانی، توانائی، صحت، سڑکوں اور تعلیم کے سیکٹروں میں 13 منصوبوں کی فنڈنگ کی۔ ان منصوبوں کی مجموعی مالیت 42.5 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔

سعودی ترقیاتی فنڈ نے اپنی تاسیس کے بعد 47 برس سے زیادہ عرصے میں عالمی سطح پر ترقی پذیر ممالک میں ٹرانسپورٹ اور کمیونی کیشن سیکٹروں میں 226 اور تعلیم کے سیکٹر میں 77 ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈنگ فراہم کی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں