کرونا وائرس

سعودی عرب:کووِڈ-19 کے یومیہ کیس جولائی 2020 کے بعدپہلی مرتبہ 3000 سے متجاوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب میں کووڈ-19 کے یومیہ کیس جولائی 2020ء کے بعد پہلی مرتبہ 3000 سے متجاوز ہوگئے ہیں۔

سعودی وزارت صحت نے بدھ کو اطلاع دی ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں مملکت میں 3045 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں اور کروناوائرس کا شکار تین افراد وفات پا گئے ہیں۔ اس طرح اب ملک میں کووِڈ-19 سے ہلاکتوں کی کل تعداد 8886 ہوگئی ہے۔

اب تک مملکت میں مجموعی طور پر 565,482 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ان میں سے 543,553 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سعودی عرب میں یکم دسمبر کوکروناوائرس کی نئی شکل اومیکرون کے پہلے کیس کا پتاچلا تھا۔اس کے بعد سے حالیہ ہفتوں میں یومیہ کیسوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

سعودی عرب نے اومیکرون کے پہلے کیس کی تشخیص کے بعد افریقی ممالک ملاوی، زیمبیا، مڈغاسکر، انگولا، سیشلز، موریشس اور کوموروس کے ساتھ پروازوں کی آمد ورفت بند کردی تھی۔

سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے مکہ مکرمہ میں مسجدحرام میں سماجی فاصلے کی پابندیوں کودوبارہ نافذ کردیا تھا۔یہ اقدام کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا تھا۔مسجد حرام میں سماجی فاصلے کی رہ نمائی کے لیے فرش پر اب دوبارہ نشانات لگادیے گئے ہیں۔قبل ازیں ان نشانات کو17 اکتوبر کوہٹا دیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں