کرونا وائرس

سعودی عرب:کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد وَبا کے عروج کے دنوں کے قریب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیس کی تعداد وَبا کے عروج کے دنوں کے قریب پہنچ گئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں 4778 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔یہ جون 2020 میں ریکارڈ کیے گئے 4919 کیسوں کے بعد اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق کروناوائرس کا شکار دو افراد وفات پاگئے ہیں۔اس کے علاوہ 893 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح شفایاب ہونے والے کیسوں کی مجموعی تعداد 5لاکھ 47ہزار507 ہو گئی۔

مملکت میں اب تک کرونا وائرس کے کل 583,531 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان میں 8895 مریض وفات پاچکے ہیں۔

کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد دنیا بھرمیں غیر معمولی رفتارسے بڑھ رہی ہے جبکہ اس کی زیادہ متعدی قسم اومیکرون بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔تاہم عالمی سطح پر یومیہ اموات جنوری 2021 کے عروج کے دنوں سے بہت نیچے ہیں کیونکہ اومیکرون متغیّرکووِڈ-19 کی دیگراقسام کے مقابلے میں کم شدیدعلامات کا حامل ہے۔

دریں اثناء سعودی عرب نے اپنے ہاں نافذالعمل کووِڈ-19 کے قواعد وضوابط پرنظرثانی کی ہے اورخلاف ورزی کے مرتکبین پر جرمانے کی رقم بڑھا دی ہے۔

وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ جو لوگ سرکاری یا نجی مقامات میں داخل ہونے سے پہلے درجہ حرارت کی جانچ سے انکارکرتے ہیں اور سماجی فاصلے کے قواعد پرعمل نہیں کرتے،ان پر266 ڈالر (1000 سعودی ریال) جرمانہ عاید کیا جائے گا۔

بار بارجرم کے اعادے کی صورت میں جرمانے کی رقم 266,000 ڈالر (100,000 ریال) تک پہنچ سکتی ہے۔اس کے علاوہ اب اندرونی اور بیرونی دونوں جگہوں پرچہرے پر دوبارہ ماسک پہننے کی ضرورت ہے۔

سعودی عرب میں یکم دسمبر کوکروناوائرس کی نئی شکل اومیکرون کے پہلے کیس کا پتاچلا تھا۔یہ شخص کسی افریقی ملک سے آیا تھا۔اس کے بعد سے حالیہ ہفتوں میں یومیہ کیسوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

سعودی عرب نے اومیکرون کے پہلے کیس کی تشخیص کے بعد افریقی ممالک ملاوی، زیمبیا، مڈغاسکر، انگولا، سیشلز، موریشس اور کوموروس کے ساتھ پروازوں کی آمد ورفت بند کردی تھی۔

سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے مکہ مکرمہ میں مسجدحرام اور دوسرے مقامات میں سماجی فاصلے کی پابندیوں کو بھی دوبارہ نافذ کردیا تھا۔یہ اقدام کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا تھا۔مسجد حرام میں سماجی فاصلے کی رہ نمائی کے لیے فرش پر اب دوبارہ نشانات لگادیے گئے ہیں۔قبل ازیں ان نشانات کو17 اکتوبر کوہٹا دیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں