.
کرونا وائرس

سعودی عرب: 24 گھنٹے میں کووِڈ کے 5281 کیسوں کی تصدیق، دو مزید اموات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ہفتے کے روز5281 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہےاور اس مہلک وائرس کا شکار دو افراد وفات پاگئے ہیں۔

سعودی عرب میں کووِڈ کی وجہ سے اب تک 8,905 اموات ہوچکی ہیں۔یومیہ کیسوں میں کمی کے باوجود تشویش ناک مریضوں کی تعداد 14 جنوری کو287 تھی اور 15 جنوری کو یہ تعداد بڑھ کر310 ہو گئی ہے۔مملکت میں تشخیص شدہ کیسوں کی کل تعداد 609,953 ہوگئی ہے۔

دریں اثنا گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں کووِڈ-19 سے متاثرہ 2996 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔اب مجموعی طور پر شفایاب ہونے والے کیسوں کی تعداد 561,542 ہوگئی ہے۔

سعودی عرب نے انتہائی متعدی اومیکرون کے پھیلنے کے بعد یومیہ کیسوں کی تعداد میں ریکارڈ میں اضافہ ہوا ہے۔دسمبرکے اوائل میں محکمہ صحت نے اومیکرون شکل کے پہلے کیس کی اطلاع دی تھی۔اس کے بارے میں خیال کیاجاتا ہے کہ یہ شخص شمالی افریقا کے ایک نامعلوم ملک سے آیاتھا۔

ملک بھرمیں ویکسین لگانے کی مہم بھی زورشور سے جاری ہے اور 50 فی صد سے زیادہ آبادی کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ہے۔سعودی حکومت نے حال ہی میں اپنے ہاں نافذالعمل کووِڈ-19 کے قواعد وضوابط پرنظرثانی کی ہے اورخلاف ورزی کے مرتکبین پر جرمانے کی رقم بڑھا دی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جو لوگ سرکاری یا نجی مقامات میں داخل ہونے سے پہلے درجہ حرارت کی جانچ سے انکارکرتے ہیں اور سماجی فاصلے کے قواعد پرعمل نہیں کرتے،ان پر266 ڈالر (1000 سعودی ریال) جرمانہ عاید کیا جائے گا۔

بار بارجرم کے اعادے کی صورت میں جرمانے کی رقم 266,000 ڈالر (100,000 ریال) تک پہنچ سکتی ہے۔اس کے علاوہ اب اندرونی اور بیرونی دونوں جگہوں پرچہرے پر دوبارہ ماسک پہننے کی ضرورت ہے۔

سعودی عرب نے اسی ماہ کے اوائل میں مکہ مکرمہ میں مسجدحرام اور دوسرے مقامات میں سماجی فاصلے کی پابندیوں کو بھی دوبارہ نافذ کردیا تھا۔یہ اقدام کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا تھا۔مسجد حرام میں سماجی فاصلے کی رہ نمائی کے لیے فرش پر اب دوبارہ نشانات لگادیے گئے ہیں۔قبل ازیں ان نشانات کو17 اکتوبر کوہٹا دیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں