امریکا کایواے ای کے سفرپرانتباہ؛حوثیوں کی دھمکیاں نیامعمول نہیں ہوں گی:امارات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

امریکا کے محکمہ خارجہ نے جمعرات کو اپنے شہریوں کو متحدہ عرب امارات کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے اور وہاں میزائل یا ڈرون حملوں کے خطرے سے خبردارکیا ہے۔

واشنگٹن کی جانب سے جاری کردہ یہ سفری ہدایت گذشتہ ہفتے کے دوران میں ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثیوں کے دومیزائل حملوں کے بعد جاری گئی ہے۔ان حملوں میں امارات کے دارالحکومت ابوظبی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو خبردارکیا ہے کہ وہ کووڈ-19 کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کا سفر نہ کریں۔اس کے علاوہ میزائل یا ڈرون حملوں کے خطرے کی وجہ سے بھی اپنے سفرکے ارادے پرنظرثانی کریں۔

اس نے کہا ہے کہ خلیج میں امریکی شہریوں اور مفادات کومتاثرکرنے والے حملوں کا امکان ’’سنگین تشویش‘‘کا باعث رہے گا۔بیان میں یمن میں ’’باغی گروپوں‘‘کا ذکر کیا گیا ہے۔اس سے مراد حوثی ملیشیا ہے مگر براہ راست ان کاذکر نہیں کیا گیا ہے۔

لیکن دوسری جانب یو اے ای کے ایک سینیرعہدہ دار نے واضح کیا ہے کہ’’حوثیوں کے میزائل حملےمتحدہ عرب امارات کے لیے نیامعمول نہیں ہوں گے‘‘۔

اس عہدہ دار نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی سے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ’’ ہم حوثی ملیشیا کی دہشت گردی کے خطرے پررضامندی ظاہرکرنے سے انکار کرتے ہیں۔وہ اپنی دہشت گردی کی کارروائیوں سے ہمارے عوام اور طرزِزندگی کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک ہیں اورحالیہ حملوں نے ہمارے شہریوں اور مکینوں کے جان ومال اورفلاح وبہبود کے تحفظ کے لیے ہمارے عزم کو مزید تقویت دی ہے‘‘۔

اماراتی عہدہ دار کا کہنا تھا کہ ’’متحدہ عرب امارات 200 سے زیادہ قومیتوں کا گھرہے۔اس ناتے سے وہ اپنے دفاع کے لیے تیارہے‘‘۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے17جنوری کوابوظبی میں دومقامات پرمیزائل داغے تھے اور ڈرون سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایندھن کا ایک ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔اس واقعے میں ایک پاکستانی سمیت تین افراد ہلاک اور چھے زخمی ہوگئے تھے۔گذشتہ سوموار کو حوثیوں نے یواے ای میں ایک اورمیزائل حملہ کیا تھا لیکن امریکا اوریواے ای کے فضائی دفاعی نظام نے میزائلوں کو کسی ہدف پرگرنے سے قبل ہی روک کر تباہ کردیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں