قطری وزیرخارجہ کا دورۂ ایران؛ تہران اورواشنگٹن میں براہِ راست جوہری مذاکرات کی کڑی؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

قطرکے وزیرخارجہ نے جمعرات کو ایران کا سرکاری دورہ کیا ہے۔اس سے چندروزبعد ہی امیرقطرامریکا کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ ایران اورچھے بڑی طاقتوں کے درمیان 2015 میں طے شدہ جوہری معاہدے کی بحالی کے ضمن جاری کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

قطری وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے یہ دورہ گذشتہ پیر کو اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے اس بیان کے بعد کیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ اگر امریکا سمجھتا ہے کہ براہ راست بات چیت سے ایک ’’اچھا جوہری معاہدہ‘‘ طے پاسکتا ہے تو ایران اس کے ساتھ براہ راست مذاکرات کوتیار ہے۔

ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا نے تہران میں دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کی فوٹیج جاری کی ہے۔ تاہم اس کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد واشنگٹن کے ساتھ براہ راست بات چیت کوآسان بنانا نہیں ہے۔

اگرچہ دوحہ اور تہران کے درمیان اچھے اورقریبی دوطرفہ تعلقات استوار ہیں لیکن اس دورے نے بعض غلط فہمیوں کو ہوا دی ہے۔ایرنا کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ اس دورے کو امریکاکے ساتھ براہ راست بات چیت کوآسان بنانے کی کڑی قرار دے رہے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔

امریکا اور ایران نے اپریل سے اب تک ویانا میں بالواسطہ مذاکرات کے آٹھ دورکیے ہیں۔ان کا مقصد 2015ء میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی ہے۔اس کے تحت تہران کے جوہری پروگرام پر قدغنیں عاید کی گئی تھیں اور اس کے بدلے میں اس کے خلاف عاید کردہ بعض بین الاقوامی اقتصادی پابندیاں ختم کردی گئی تھیں۔

تاہم 2018ء میں سابق امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ اس جوہری معاہدے سے یک طرفہ طور پردستبردار ہوگئے تھےاور انھوں نے اسی سال ایران کے خلاف دوبارہ سخت اقتصادی پابندیاں عاید کردی تھیں۔اس کے ردعمل میں ایران نے بتدریج جوہری سمجھوتے کی شرائط کی خلاف ورزی شروع کردی تھی۔اب ایران امریکی پابندیوں کے خاتمے اور اپنے اثاثے غیرمنجمد کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔

امیرقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی 31 جنوری کوواشنگٹن میں امریکی صدرجو بائیڈن سے بات چیت کریں گے۔بعض اطلاعات کے مطابق وہ ایران سے جوہری معاہدے کی بحالی کی کوششوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریں گے۔وزیرخارجہ شیخ محمد کی امیرقطر کے دورے سے قبل جمعہ کو واشنگٹن میں آمد متوقع ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں