سعودی عرب کے مقامی اورعالمی کمپنیوں سے1.8 ارب ڈالرمالیت کے 10 دفاعی معاہدے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی عرب کی وزارت دفاع نے الریاض میں منعقد ہونے والے عالمی دفاعی شو کے تیسرے روز مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ 7 ارب سعودی ریال (ایک ارب80 کروڑ ڈالر) مالیت کے 10 معاہدوں پر دست خط کیے ہیں۔

ان میں سب سے بڑے معاہدے کی مالیت تین ارب سعودی ریال (قریباً 80 کروڑڈالر) ہے۔وزارت دفاع نے جنوبی کوریا کے گروپ ہانوَہا کے ساتھ یہ معاہدہ طے کیا ہے۔اس کا مقصد مملکت کی دفاعی صلاحیتوں اور سپلائی چین کو مستحکم بنانا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے سعودی عرب کی السلام ایرواسپیس انڈسٹریز کے ساتھ 1.7 ارب سعودی ریال (45 کروڑ30 لاکھ ڈالر) مالیت کے تین معاہدوں طے کیے ہیں۔نیزایرواسپیس انجینئرنگ میں مہارت رکھنے والی سعودی کمپنی جی ڈی سی مڈل ایسٹ کے ساتھ 40 کروڑسعودی ریال (10 کروڑ60 لاکھ ڈالر) مالیت کے معاہدے پر دست خط کیے ہیں۔

سعودی عرب کے محکمہ اسلحہ اورگولہ بارود (جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ویپنزاینڈ ایکسپلوزیو) نے مختلف اقسام کے گولہ بارود کے حصول کے لیے چینی کارپوریشن اور جنوبی کوریا کی ایک کمپنی کے ساتھ تین معاہدوں پر دست خط کیے ہیں۔

ان میں سے ایک معاہدہ سعودی عرب اور چین کے نورینکو گروپ (چائنا نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن لمیٹڈ) کے درمیان طے پایا ہے۔اس کی مالیت43 کروڑ سعودی ریال (11 کروڑ40 لاکھ ڈالر) بتائی گئی ہے۔جنوبی کوریا کی پونگسان کارپوریشن کے ساتھ دست خط شدہ دو معاہدوں کی مالیت 46 کروڑسعودی ریال (12 کروڑ20 لاکھ ڈالر) ہے۔

سعودی عرب کے معاون وزیردفاع برائے انتظامی امور ڈاکٹر خالدالبیاری نے اس موقع پرکہا کہ ’’ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے مطابق ان معاہدوں پردست خط کیے گئے ہیں۔ ان تمام کا مقصد سعودی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا اورفوجی صنعتوں کو مقامی بنانا ہے‘‘۔

سعودی عرب کے پہلے عالمی دفاعی شو کااتوار کے روز عوام کے لیے افتتاح کیا گیا تھا۔اس میں 40 سے زیادہ ممالک کے قریباً 600 نمائش کنندگان شرکت کررہے ہیں اور منتظمین نے پیشین گوئی کی تھی کہ اس کو دیکھنے کے لیے 30,000 افراد کی آمد متوقع ہے۔

عالمی دفاعی شو بدھ کو اختتام پذیر ہوگا۔مملکت کی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز (جامی) کے زیراہتمام یہ دفاعی نمائش ہردو سال کے بعد منعقد ہوا کرے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں