آج صبح کیف پر بم باری ، روسی افواج دارالحکومت سے صرف 15 کلو میٹر دور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے 21 ویں روز آج بدھ کو دارالحکومت کیف سے موصول ہونے والی تصاویر میں شہر کے قلب میں واقع علاقوں سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یوکرین میں میڈیا ذرائع نے العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو بتایا کہ آج صبح کیف کو میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ مزید یہ کہ دارالحکومت کی سڑکیں فوجی بیرکوں جیسا منظر پیش کر رہی ہیں۔

ادھر یوکرین کی فوج کی اسٹاف کمیٹی کے مطابق کیف میں مزاحمت کرنے والی فورسز نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں روس کے 3 لڑاکا اور 3 ڈرون طیارے مار گرائے۔ علاوہ ازیں جنوبی علاقوں میں اکٹھا ہونے والی روسی فورسز کو بھی نشانہ بنایا۔ ذرائع نے باور کرایا کہ روسی افواج بھاری نقصانات کے بعد مختلف سمتوں میں پیچھے ہٹ گئیں۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے اندر یوکرین کے 3 لڑاکا طیارے اور 4 ڈرون طیاروں کو مار گرانے کے علاوہ یوکرین کی 128 فوجی تنصیبات تباہ کر دینے کا دعوی کیا ہے۔ وزارت دفاع کے مطابق یوکرین میں جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک دشمن فوج کے 1350 فوجی ٹینک اور 111 لڑاکا طیارے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

امریکی وزارت دفاع کے ایک سینئر ذمے دار نے بتایا ہے کہ روسی افواج شمال مغرب کی سمت سے یوکرین کے دارالحکومت کیف سے 15 سے 20 کلو میٹر کی دوری پر ہیں۔ مزید یہ کہ روس اب تک یوکرین پر 950 میزائل داغ چکا ہے۔ ذمے دار کے مطابق امریکا نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران میں فوجی امداد یوکرین پہنچائی ہے۔

یوکرین کی وزارت داخلہ کے مشیر نے آج بدھ کے روز بتایا ہے کہ محصور ساحلی شہر ماریوپول سے اب تک نجی گاڑیوں میں سوار ہو کر تقریبا 20 ہزار افراد کوچ کر چکے ہیں۔ ادھر ہنگامی خدمت کے حکام کے مطابق 24 فروری کو روس کے فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے خارکیف شہر میں کم از کم 500 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ روسی فوجی آپریشن کے بعد سے ملک میں 103 بچے بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق یوکرین میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد 691 اور زخمیوں کی 1143 ہو چکی ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے بتائی۔ دفتر نے کہا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

دارالحکومت کیف میں 35 گھنٹوں کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں