روس سے تیل کی درآمدات میں اضافہ بھارت کے حق میں نہیں : بائیڈن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارتی وزیر اعظم نرندرا مودی کو آگاہ کیا ہے کہ روس سے توانائی کے سیکٹر کی درآمدات میں اضافہ بھارت کے مفاد میں نہیں۔ یہ بات پیر کے روز ایک ورچوئل اجلاس میں کہی گئی۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی کے مطابق یہ ملاقات فائدہ مند اور تعمیری رہی۔ تاہم انہوں نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ آیا جو بائیڈن نے توانائی کی درآمدات کے حوالے سے بھارت سے کسی متعین پاسداری کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ بھارت کی امریکا سے درآمدات کا حجم روس سے درآمدات کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر ذمے دار کے مطابق امریکی صدر نے بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ ورچوئل ملاقات میں یوکرین سے متعلق امور اور توانائی سیکٹر میں روس سے بھارت کی خریداری پر تبادلہ خیال کیا۔

مذکورہ ذمے دار نے بتایا کہ امریکا یہ سمجھتا ہے کہ یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کے بعد بھارت کو ماسکو سے توانائی کے سیکٹر میں خریداری میں جلدی نہیں کرنا چاہیے۔

بائیڈن انتظامیہ ایشیا اور بحر الکاہل کے علاقے میں امریکی اتحادوں کو مضبوط بنانا چاہتی ہے تا کہ چین کا مقابلہ کیا جا سکے۔

اگرچہ بھارت نے اقوام متحدہ میں ماسکو کی مذمتی قرار دادوں کے حوالے سے رائے شماری میں شامل ہونے سے منع کر دیا تھا تاہم اس نے یوکرین کے شہر بوچا میں شہریوں کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ نئی دہلی کی جانب سے ماسکو کو بھارتی خارجہ پاللیسی کا ایک بنیادی مرکز قرار دیا جاتا ہے۔ اس کی وجہ بھارتی کی قومی سلامتی کے حوالے سے "تزویراتی شراکت داری" ہے۔

بھارت اور روس تجارتی تبادلے کو آسان بنانے اور روسی بینکوں پر عائد مغربی پابندیوں کو چکمہ دینے کے لیے روپے اور روبیل میں ادائیگی کا طریقہ کار وضع کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ سرد جنگ کے بعد سے نئی دہلی اور ماسکو کے درمیان قریبی تعلقات رہے ہیں۔ روس ابھی تک بھارت کو اسلحہ فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔

تیل اور اسلحے کے علاوہ بھارت روس سے کھاد اور خام ہیرے بھی درآمد کرتا ہے۔ بھارت سے روس کو دوا سازی کی مصنوعات ، چائے اور کافی برآمد کی جاتی ہے۔

وائٹ ہاؤس کو بھارت کے روس پر عسکری انحصار کا پورا ادراک ہے۔ تاہم وہ نئی دہلی کے ساتھ قابل اعتماد مکالمے کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں