امریکا ایران سے معاہدہ چاہتا ہےمگراس میں میزائل پروگرام سے نمٹنے کاکچھ نہیں:بلینکن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے منگل کے روز قانون سازوں کو بتایا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے تک پہنچنا واشنگٹن کے بہترین مفاد میں ہے۔

سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی میں انٹونی بلینکن سے2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے بارے میں ویانا میں جاری مذاکرات اور بائیڈن انتظامیہ کی کوششوں کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ معاہدے کی تعمیل میں واپسی ایران کی جانب سے درپیش جوہری چیلنج سے نمٹنے کا بہترین طریقہ ہوگا۔انھوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ مئی کے آخرمیں آنے والے یوم یادگار سے قبل ایران سے متعلق کھلی سماعت کریں گے اورہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جوہری معاہدے کومکمل کرلیں۔

بلینکن نے اپنے گذشتہ بیانات کا اعادہ کیا کہ بائیڈن انتظامیہ کو وراثت میں ایک ’’انتہائی چیلنج والی صورت حال‘‘ملی ہے اورایران کی جانب سے کشیدگی میں ’’اضافہ‘‘ہوا ہے۔

وزیرخارجہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کا جوہری ہتھیار کی تیاری کا وقت اس معاہدے سے امریکا کی دستبرداری کے نتیجے میں ایک سال سے ’’ہفتوں کی بات‘‘ تک چلا گیا۔اس کے علاوہ ایران پورے خطے میں تخریبی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

تاہم بلینکن نے اعتراف کیا کہ اس معاہدے میں ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام یا خطے میں اس کی دوسرے ممالک کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔

انھوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ امریکی حکام کی زندگیوں کو ماضی میں اور اب بھی ایران سے خطرہ لاحق رہا ہے۔بلینکن نے کمیٹی کے روبرو اس معاہدے پر تنقید کا بھی جواب دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر کوئی معاہدہ طے پاجاتا ہے تو یہ امریکا کی اس صلاحیت کو ختم نہیں کردے گا کہ وہ ایران کے خلاف پابندیوں، مداخلتوں اور رقوم کے بہاؤ کو روکنے کے ذریعے دباؤ ڈالنے سے بازآجائے۔

وزیرخارجہ کی رائے میں جب ایران کی ان سرگرمیوں کی بات آتی ہے تو اگر اس کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو یہ معاملہ اور بھی بدتر ہوتا۔

سینیٹ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب مینینڈز نے ان کے نقطہ نظر سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ امریکا کے بہترین مفاد میں نہیں ہوگا۔انھوں نے بلینکن کو باور کرایا کہ یہ 2022ء ہے اور 2014 ءیا 2015ء نہیں ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں