یوکرین کے مشرقی علاقے ڈونیسک میں روسی فوج کے حملے میں 21 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

ڈونیٹسک خطے کے گورنر نے بتایا کہ منگل کے روز مشرقی یوکرین پر روسی حملوں میں کم از کم 21 شہری ہلاک اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ ایک ماہ کے دوران کسی ایک دن اب تک کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

ڈونیٹسک کے گورنر پاولو کرائلینکو نے ٹیلی گرام پر بتایا، "اودیویکا کوک پلانٹ پر روسی قابضین کی گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 15زخمی ہو گئے۔"

یہ کوک پلانٹ یورپ کے سب سے بڑے کوک پلانٹس میں سے ایک ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران یوکرینی فوج کے ساتھ محاذ آراء روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسند فورسز اس پلانٹ کو حملے کا اکثر نشانہ بناتی رہی ہیں۔

گورنر کرائلینکو نے مزید بتایا کہ لائمن قصبے پر گولہ باری میں مزید پانچ افراد جب کہ ووگیلڈار قصبے پر گولہ باری میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ ان کے علاوہ ولائیکا نووسیلکا اور شینڈری گلوو گاؤں میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا۔

کرائلینکو نے بتایا کہ ایک ماہ قبل کراماٹورسک شہر میں ایک ریلوے اسٹیشن پر روسی حملے میں 59 افراد کی ہلاکت کے بعد سے کسی ایک دن میں روسی فوجی کارروائیوں میں یہ ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

انہوں نے کہا،"ہماری سرزمین پر کیے جانے والے ایک ایک جرم کے لیے روس کو سزا ملے گی۔"

کرائلینکو نے کہا کہ اودیویکا پر روسیوں نے اس وقت حملہ کیا جب کارخانے میں کام کرنے والے افراد اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد اپنے اپنے گھر جانے کے لیے بس اسٹاپ پر بس کے انتظار میں کھڑے تھے۔ انہوں نے کہا،"روسیوں کو یہ اچھی طرح معلوم تھا کہ وہ کس جگہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔"

علیحدگی پسندوں کے کنٹرول والے ڈونیٹسک کے شمال میں واقع اودیویکا ایک صنعتی قصبہ ہے۔ روس نے حالیہ ہفتوں میں مشرقی ڈونباس خطے میں ان علاقوں پر حملے تیز کر دیے ہیں جو کیئف کے قبضے میں ہیں۔ ماسکو اب ان علاقوں پر اپنی توجہ مرکوز کر رہا ہے۔

کوک ایک قسم کا ایندھن ہوتا ہے جس میں کاربن کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔ یہ ایک اہم صنعتی پروڈکٹ ہے جس کا استعمال بالخصوص لوہے کو پگھلانے میں ہوتا ہے تاہم یہ دیگر کاموں میں بھی ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں