صدرپوتین نے وزیرخارجہ لافروف کے ہٹلرسے متعلق تبصرے پر معذرت کرلی:اسرائیل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے جمعرات کو کہا ہے کہ روسی صدرولادی میرپوتین نے اپنے وزیرخارجہ سرگئی لافروف کے ان تبصروں پرمعذرت کی ہے جن میں انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایڈولف ہٹلر یہودی نژاد ہیں۔

بینیٹ نے روسی رہ نما سے ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد کہا کہ انھوں نے معافی قبول کرلی اور اپنا مؤقف واضح کرنے پرصدرپوتین کا شکریہ ادا کیا ہے۔

بینیٹ نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے صدرپوتین سے کہا کہ وہ یوکرین کی بندرگاہ ماریوپول میں محصورازوفستل اسٹیل کے پلانٹ کوخالی کرانے کی اجازت دینے پرغورکریں۔

بینیٹ نے کہا کہ انھوں نے یہ درخواست یوکرینی صدر ولودی میرزیلنسکی کے ساتھ پہلے فون پربات چیت کے بعد کی تھی اور صدرپوتین نے شہری انخلا کے لیے راہداری قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ روسی وزیرخارجہ سرگئی لافروف نے گذشتہ اتوارکواطالوی خبررساں ادارے میڈیا سیٹ سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا:’’یوکرین کے صدر ولودی میرزیلنسکی یہ دلیل پیش کرتے ہیں کہ اگر وہ خود یہودی ہیں تو ان کے پاس کس طرح کا نازی ازم ہوسکتا ہے‘‘۔

روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان کے مطابق لافروف نے انٹرویو میں مزید کہا:’’میں غلط ہوسکتا ہوں لیکن ہٹلر کے پاس بھی یہودی خون تھا‘‘۔

اسرائیل نے ان کے اس بیان کی مذمت کی تھی اوراس بیان پرماسکو سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔اسرائیل کی وزارت خارجہ نے روسی سفیر کو ان تبصروں پر ’’سخت احتجاج‘‘ کے لیے طلب کیا تھا۔

اسرائیلی وزیرخارجہ یائرلاپیڈ نے کہا کہ سرگئی لافروف نے ’’ناقابل معافی، لعنت آمیز بیان‘‘دیا ہے۔لاپیڈ نے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں روسی وزیرخارجہ کے ان تبصروں کی مذمت کی تھی۔انھوں نے کہا کہ یہ بیان ناقابل معافی ہےاور یہ ایک مکروہ بیان ہے اور ایک خوف ناک تاریخی غلطی بھی۔انھوں نے ایک تندوتیز بیان میں کہا کہ ’’یہودیوں نے مرگ انبوہ (ہولوکاسٹ) میں خود کو قتل نہیں کیا تھا۔ یہودیوں کے خلاف نسل پرستی کی سب سے کم سطح یہودیوں پرخود سام دشمنی کا الزام لگانا ہے‘‘۔

24فروری کو یوکرین پرروس کے حملے کے بعد سے اسرائیل نے دونوں فریقوں کے درمیان نازک توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے لیکن روسی وزیرخارجہ کی جانب سے اطالوی چینل پرتبصرے نے اسرائیل میں غم و غصے کوجنم دیا ہے۔روس کئی مرتبہ یہ کَہ چکا ہے کہ وہ یوکرین کو’’غیرفوجی‘‘اور’’نازی ازم‘‘ سے پاک کرنا چاہتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں