.

یمن میں خراب تیل بردار بحری جہاز کوحادثے سے بچانے کے لیے33 ملین ڈالر کا عطیہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

منتظمین نے بتایا کہ عطیہ دہندگان نے بدھ کے روز تقریباً 33 ملین ڈالر کا وعدہ کیا ہے تاکہ یمن کے ساحل پر کھڑے آئل ٹینکر "صافر" سے ممکنہ تیل کے اخراج کو روکنے کے لیے ایک آپریشن میں مدد فراہم کی جا سکے۔

اقوام متحدہ نے پیر کو خبردار کیا کہ آئل ٹینکر "صافر" جسے تیرتے ہوئے ٹینک کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ اس میں صرف ایک ملین بیرل تیل تھا اور حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول حدیدہ کی بندرگاہ کے قریب چھوڑ دیا گیا تھا۔ طویل عرصے سے کھڑے اس تیل بردار جہاز کے ٹوٹنے اور اس پر لادے گئے تیل کے اخراج کا خطرہ ہے۔

لیکن بدھ کو اقوام متحدہ اور نیدرلینڈز کے زیر اہتمام ڈونرز کانفرنس کے دوران 33 ملین ڈالر کا وعدہ کیا گیا تھا جس سے انسانی اور ماحولیاتی تباہی سے پہلےصافر سے 1.1 ملین بیرل کی نقل و حمل کے لیے 80 ملین ڈالر جمع کرنے کا مطلوبہ ہدف حاصل نہیں ہو سکا۔

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار ڈیوڈ گریسلی نے کہا کہ بدھ کے دن اس منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے کوششوں کا مضبوط آغاز ہوا جس میں نجی شعبے تک رسائی بھی شامل ہے۔

انہوں نے دی ہیگ میں بند دروازوں کے پیچھے منعقد ہونے والی کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ"ہمیں بقیہ فنڈز کے حصول کے لیے تیزی سے کام کرنا چاہیے تاکہ چار ماہ کے اندر اس کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔"

اب تک آپریشن کے لیے مجموعی طور پر40 ملین ڈالر اکٹھے کیے جا چکے ہیں جب کہ منتظمین کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں تیل کے رساؤ کو صاف کرنے کے لیے 20 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ نے کہا کہ بڑے محفوظ ذخائر میں 1989 کے ایگزون ویلڈیز آفت سے چار گنا زیادہ تیل موجود ہے جو دنیا کی بدترین ماحولیاتی آفات میں سے ایک تھی جس نے الاسکا کے پانیوں کو آلودہ کیا۔

79.6 ملین ڈالر کی رقم اگلے 18 مہینوں میں صافر سے زہریلے مواد کو متبادل جہاز تک پمپ کرنے کے آپریشن کے ہنگامی حصے کے لیے فنڈنگ کی اجازت دے گی۔

گریزلی نے کہا کہ مکمل آپریشن کے لیے مجموعی طور پر 144 ملین ڈالر کی ضرورت ہے جس میں بوسیدہ ٹینکر کو مکمل طور پر محفوظ بنانا بھی شامل ہے۔

ڈچ وزیر تجارت لیسی شرین ماکر نے کہا کہ آج کا دن صافر سے لاحق خطرے کو ختم کرنے کے لیے ایک اہم قدم تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم مئی میں اقوام متحدہ کی مدد جاری رکھیں گے تاکہ باقی درکار فنڈز کو اکٹھا کیا جا سکے۔ اس دوران نیدرلینڈ نے تقریباً 8 ملین ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں