.

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدمتحدہ عرب امارات کے صدر منتخب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کی وفاقی سپریم کونسل نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زایدآل نہیان کو ملک کا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔

61 سالہ شیخ محمد متحدہ عرب امارات کے تیسرے صدر ہوں گے۔وہ اپنے مرحوم بھائی شیخ خلیفہ بن زاید کی جگہ یہ منصب سنبھال رہے ہیں۔شیخ خلیفہ جمعہ کو انتقال کرگئے تھے۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق حاکمِ دبئی اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شیخ محمد کو ملک کا صدر منتخب ہونے پرمبارک باد دی ہے۔

یواے ای کی سپریم کونسل کا ہفتے کے روز ابوظبی کے المشرف پیلس میں اجلاس منعقد ہوا۔اس کی صدارت حاکم دبئی شیخ محمدبن راشد نے کی۔

اس اجلاس میں یواے ای میں شامل امارات کے سربراہان ابوظبی کے حاکم شیخ محمد بن زاید آل نہیان، شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی، حاکم عجمان شیخ حمید بن راشد النعیمی، فجیرہ کے حکمران شیخ حماد بن محمد الشرقی،ام القوین کے حکمران شیخ سعود بن راشد المعلا اور راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن سقرالقاسمی نے شرکت کی۔اس اجلاس میں متفقہ طور پر شیخ محمد کو ملک کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 یواے ای میں شامل امارتوں کے سربراہان  سپریم کونسل کے اجلاس میں شریک ہیں۔
یواے ای میں شامل امارتوں کے سربراہان سپریم کونسل کے اجلاس میں شریک ہیں۔

یواے ای میں شیخ خلیفہ بن زایدکی وفات پر 40 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔اس دوران میں ملک بھر میں کاروبار بند رہیں گے اورمرحوم صدر کے سوگ میں تفریحی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں الیکٹرانک بل بورڈز میں جمعہ کی رات شیخ خلیفہ مرحوم کی تصویردکھائی گئی اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں