جوبائیڈن اورعرب لیڈروں کی شیخ محمدکو یواے ای کا صدرمنتخب ہونے پرمبارک باد
امریکا کے صدرجوبائیڈن اور کئی ایک عرب لیڈروں نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
صدر بائیڈن نے ہفتے کے روزایک بیان میں کہا کہ میں اپنے دیرینہ دوست شیخ محمد بن زید کو متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔میں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کامنتظرہوں تاکہ ہمارے ممالک اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
یواے ای کی وفاقی سپریم کونسل نے قبل ازیں ابوظبی کے ولی عہد 61 سالہ شیخ محمد بن زاید کوملک کا نیا صدر منتخب کیا تھا۔انھوں نے اپنے بھائی شیخ خلیفہ بن زاید مرحوم کی جگہ یہ منصب سنبھالا ہے اور وہ ملک کے تیسرے صدر بن گئے ہیں۔
کئی ایک عرب رہ نماؤں نے بھی شیخ محمد بن زاید کو منصب صدارت سنبھالنے پرمبارک باد دی۔عمان کے سلطان ہیثم بن طارق، امیرِکویت شیخ نواف الاحمد الصباح، بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور امیرِقطرشیخ تمیم بن حمد آل ثاںی نے اپنے الگ الگ پیغامات میں شیخ محمد کو ان کے انتخاب پر مبارک باد پیش کی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔
انھیں مبارک باد دینے والے دیگر عرب رہ نماؤں میں مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی، عراقی صدر برہم صالح، فلسطینی صدر محمودعباس اور شامی صدر بشارالاسد شامل ہیں۔
قبل ازیں شیخ محمد نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کا خیرمقدم کیا۔ وہ شیخ خلیفہ کی وفات پرتعزیت کے لیے ابوظبی پہنچے تھے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق شیخ محمد نے اردن کے شاہ عبداللہ اورمصری صدرعبدالفتاح السیسی کا بھی استقبال کیا۔انھوں نے المشرف پیلس میں شیخ محمد سے ملاقات کی اور ان سے ان کی بھائی اور یو اے ای کے سابق صدر مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔شیخ خلیفہ جمعہ کو73سال کی عمرمیں انتقال کر گئے تھے۔