سعودی عرب ڈیڑھ کروڑڈالرانعامی رقم کے ساتھ گیمنگ ٹورنامنٹ منعقد کرے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب جولائی میں دنیا کے سب سے بڑے ای اسپورٹس ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گا۔اس کی مجموعی انعامی رقم ڈیڑھ کروڑ ڈالرہوگی۔

گیمرز 8 ٹورنامنٹ 14 جولائی سے دارالحکومت الریاض میں منعقد ہوگا اور یہ آٹھ ہفتے تک جاری رہے گا۔

تفریحی مقصد سے تعمیر کیے گئے خصوصی علاقے بلیوارڈ الریاض سٹی میں چھے مختلف ویڈیو گیمزمیں مقابلوں منعقد ہوں گے۔ ان کے علاوہ میوزک کنسرٹس اور دیگر پروگرام پیش کیے جائیں گے۔

منتظمین نے ایک بیان میں کہا کہ آٹھ بین الاقوامی فنکاروں نے گیمرز8 میں اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے، اگرچہ ابھی تک تمام شرکاء کی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔اس تقریب میں جادوگروں، مزاح نگاروں اور موسیقاروں کے ساتھ متعدد مقامی فنکار بھی شامل ہوں گے۔ایک گیمنگ سمٹ بھی ہوگی جس میں اس صنعت کے بین الاقوامی ماہرین شریک ہوں گے۔

سعودی ای اسپورٹس فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن بندربن سلطان نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق مملکت سعودی عرب کے قریباً ہرگھر میں ویڈیو گیمنگ کا گہرا شوق رکھنے والا کوئی نہ کوئی شخص موجود ہے۔گیمنگ کا یہ شوق طویل عرصے سے سعودیوں کے لیے فخر کا باعث رہا ہے۔

اس ٹورنامنٹ کا اہتمام سعودی ای اسپورٹس فیڈریشن اور گیمرز ودآؤٹ بارڈرز (کھلاڑی ماورائے سرحد)نامی خیراتی تنظیم نے کیا ہے جو کووِڈ-19 ریلیف اور ویکسی نیشن کی کوششوں سمیت دیگر ضروریات کے لیےعطیات مہیا کرتی ہے۔

گیمرز8 کو براہ راست آن لائن نشر کیا جائے گا اور اس کے شوقین حضرات کے لیے مکمل شرکاء کا اعلان اس کی آفیشل ویب سائٹ پرکیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں گیمنگ کی صنعت حالیہ برسوں میں نمایاں طور پر بھری ہے۔اس کو تیل پر منحصرمعیشت کو متنوع بنانے کی وسیع ترکوششوں کے حصے کے طور پر حکومت کی اہم حمایت حاصل ہے۔

اے ایف پی نے مارکیٹ ریسرچر نیکو پارٹنرز کے حوالے سے بتایا کہ 2021 میں مملکت میں گیمنگ مارکیٹ ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی جو خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ مالیت ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جنوری میں ملک کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) نے سیوی گیمنگ گروپ کا آغاز کیا تھا جس نے ای ایس ایل گیمنگ اور فیسٹ کوحاصل کرلیا ہے۔

سعودی ای اسپورٹس فیڈریشن 2017ء میں قائم کی گئی تھی۔اس نے اب تک قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے کئی ایک ٹورنامنٹوں کے میلے کامیابی سے سجائے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں