کرونا وائرس

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کووِڈ-19 کے کیسوں میں ایک مرتبہ پھراضافہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات؛دونوں نے کووڈ-19 کے کیسوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافے کی اطلاع دی ہے۔

سعودی وزارت صحت کی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں یومیہ کیس 1000 کی حد عبور کر گئے ہیں اور بدھ کے روز 1029 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ان میں سب سے زیادہ 341 نئے کیس دارالحکومت الریاض میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

سعودی عرب میں تین نئی اموات بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔اب تک ملک میں کووِڈ-19 سے ہلاکتوں کی کل تعداد 9163 ہوگئی ہے۔اس وقت مملکت میں مجموعی طورپر 8216 فعال کیس ہیں۔ان میں سے 92 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق امارات میں ایسا ہی رجحان سامنے آیا ہے اور حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آج 867 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے نتیجے میں وَبا کے آغاز سے اب تک ملک میں کیسوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 12 ہزار 953 ہو گئی ہے۔

یواے ای میں منگل کو 572 اور پیر کو 597 کیس ریکارڈ کیے گئے تھے۔اس طرح ایک دن میں قریباً تین سو تشخیص شدہ کیسوں کا اضافہ ہوا ہے۔

وزارت صحت نے آج 637 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع بھی دی ہے۔یو اے ای میں جون کے بعد سے کووڈ-19 سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور اس نے وبا کے آغاز سے اب تک کووِڈ-19 سے متعلق 2305 اموات کی اطلاع دی ہے۔دوجون کو خلیجی ملک نے کہا تھاکہ اس نے تمام زمروں کی 100 فی صد ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

دریں اثنا رائٹرز کے ایک اندازے کے مطابق سعودی عرب نے بھی اپنی ویکسی نیشن مہم میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے اورملک میں ویکسین کی 66,230,743 سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔مملکت میں شہریوں اور تارکین وطن کی 96 فی صد سے زیادہ آبادی کو ویکسین کے دونوں ٹیکے لگائے گئے ہیں۔

سعودی عرب نے ہفتہ کے روزکرونا وائرس وبا کے بعد غیر ملکی حج زائرین کے پہلے دستے کا خیرمقدم کیا تھا۔کرونا کی وجہ سے گذشتہ دو سال کے دوران میں صرف سعودی عرب میں مقیم شہریوں اور تارکین وطن ہی نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔

2019 میں 25 لاکھ سے زیادہ افراد نے حج کی سعادت حاصل کی تھی لیکن 2020 میں وبا کے آغاز کے بعد سعدوی حکام نے اعلان کیا کہ وہ صرف 1000 عازمین کوحج کی اجازت دیں گے۔ اگلے سال انھوں نے قرعہ اندازی کے ذریعے سعودی عرب کے شہریوں اور رہائشیوں میں مجموعی طور پر 60,000 کوحج ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔اپریل میں مملکت نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس سال جولائی میں ہونے والے حج میں ملک کے اندر اور باہر سے دس لاکھ مسلمانوں کو شرکت کی اجازت دے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں