سمندری راستے سے سوڈانی عازمین حج کے پہلے قافلے کی جدہ اسلامی بندرگاہ آمد
جدہ کی بندرگاہ پرعازمین کے استقبال کےلیے 5 ہال مخصوص کیے گئے ہیں
سوڈان سے سمندر کے راستے عازمین حج کا پہلا کاررواں گذشتہ روز جدہ اسلامی بندرگاہ پہنچ گیا۔ 1519 سوڈانی عازمین کے قافلے کا مقامی حکام نے پرجوش استقبال کیا۔
سعودی وزارت حج وعمرہ کے مطابق ایک ہزار سے زیادہ عازمین حج سمندر کے راستے پہنچ چکے ہیں۔ کرونا کی وبا کے بعد دو سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ جدہ اسلامی بندرگاہ کے راستے مملکت آنے والے سمندری عازمین کا پہلا کاررواں سوڈان سے آیا ہے۔

یاد رہے کہ جدہ اسلامی بندرگاہ نے سمندر کے راستے آنے والے عازمین حج کے استقبال کے لیے 5 ہال تیار کیے ہیں۔ ان کا کل رقبہ 17 ہزار مربع میٹر ہے۔ یہاں عازمین حج کی امیگریشن، صحت اور کسٹم کارروائی نمٹانے کے لیے افرادی قوت اور جدید ترین مشینیں مہیا کی گئی ہیں۔

جدہ اسلامی بندرگاہ پر سوڈان سے آنے والے عازمین حج کے شاندار استقبال کے مناظر پر مشتمل وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔