.

سعودی عرب:کووِڈ-19 کی سفری پابندیاں ختم؛بھارت، ترکی اوردیگرممالک میں جانے کی اجازت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے اپنے شہریوں پرکووِڈ-19 کی وَبا کی بناپرعایدسفری پابندیاں ختم کردی ہیں۔اب سعودی شہریوں کو ترکی،ایتھوپیا، ویت نام اور بھارت میں جانے کی اجازت ہوگی۔

یہ اقدام مملکت کی جانب سے کووڈ-19 کے کچھ احتیاطی اقدامات کو ختم کرنے کے ایک ہفتے کے بعدکیا گیا ہے۔اس سے پہلے گھرکےاندرچہرے پرماسک پہننےاورزیادہ تر عوامی مقامات پرداخلے کے لیے ویکسین لگوانے کاثبوت فراہم کرنے کی پابندی تھی۔

سعودی وزارت داخلہ نے گذشتہ ہفتے یہ پابندیاں ختم کردی تھیں۔البتہ اس نے وضاحت کی تھی کہ اب بھی زائرین کو مکہ مکرمہ میں المسجدالحرام، مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ، سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی (وقایا) کے زیرانتظام مقامات اوران جگہوں اورتقریبات میں ماسک پہننے کی ضرورت ہوگی جہاں اس کولازم قراردیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اب مختلف جگہوں، تنصیبات میں داخل ہونے، سرگرمیوں یا تقریبات میں شرکت کرنے یا طیاروں یا عوامی نقل وحمل کے لیے ٹرانسپورٹ ذرائع میں سوار ہوتے وقت توکلنا رابطہ ٹریسنگ ایپلی کیشن میں ویکسین لگوانے کا ثبوت دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔

اس کے علاوہ سعودی عرب کے ان شہریوں کے لیے ویکسی نیشن کی مدت میں بھی توسیع کی گئی تھی جو بیرون ملک سفرکا ارادہ رکھتے ہیں۔ایسے مسافروں کواس سے پہلے دوسری خوراک لگوانے کے تین ماہ کے اندر کووِڈ-19 کی ویکسین کی تقویتی خوراک حاصل کرنا پڑتی تھی،لیکن اب اس مدت کو آٹھ ماہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔

سعودی عرب میں مارچ میں گھر سے باہرماسک پہننے کی پابندی کو ختم کر دیا گیا تھا اورکووِڈ-19 سے متعلق اور بھی پابندیوں کو نرم کردیا گیا تھا۔ان کے علاوہ سماجی فاصلے کے اقدامات، سعودی عرب میں داخل ہونے والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور آمد پرقرنطینہ کرنے ایسی پابندیوں کو بھی ختم کردیا گیا تھا۔

وزارت صحت نے کروناوائرس کی وَبا پر قابو پانے کے لیے مملکت بھرمیں وسیع پیمانے پر ویکسین لگانے کا پروگرام شروع کیا تھا اور اب تک ملک کی 96.1 فی صد آبادی کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ نے گذشتہ چند ہفتوں میں کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظروَبا سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زوردیا اورکہا ہے کہ شہریوں کو منظورشدہ کسی بھی ویکسین کی اضافی تقویتی خوراک ضرورلگواناچاہیے۔

مقبول خبریں اہم خبریں