سعودی ہلال احمرکی فضائی ایمبولینس کی پہلی عالمی پرواز؛خاتون شہری کاجارجیا سے انخلا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی ہلال احمر اتھارٹی (ایس آر سی اے) نے جارجیا سے ایک خاتون سعودی شہری کا اپنی ایمبولینس کے ذریعے پہلا بین الاقوامی فضائی انخلا کیاہے۔

سعودی پریس ایجنسی نے جمعرات کو خبر دی ہے کہ ایک خصوصی ٹیم نے خاتون شہری کی دوران سفر طبی نگہداشت کی ہے۔ان کی صحت کے خدشات کے پیش نظر انھیں جارجیا سے نکالا گیاہے۔

ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق یہ ہنگامی کارروائی وزارت صحت کے ساتھ رابطے کے ذریعے کی گئی ہے اور یہ سعودی ہلال احمر کی ایئرایمبولینس سروس کو دوبارہ فعال کرنے کی نشان دہی کرتی ہے۔

رپورٹ میں اتنا کہا گیا ہے کہ سعودی خاتون کی جارجیا میں صحت بگڑ گئی تھی لیکن ان کی حالت سے متعلق مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے۔

سعودی ہلال احمر کی ایئرایمبولینس سروس نے مبیّنہ طورپرمریضوں کو خدمات مہیّا کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اورقریباً دوسو مریضوں کو خصوصی طبی مراکزمیں منتقل کیا ہے۔

ہلال احمر اتھارٹی اپنی ایمبولینس کی خدمات کے معیار کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے اور مملکت کے وژن 2030 کے مطابق اپنے دائرہ کارکو قومی اور بین الاقوامی سطح پربڑھانے کے اقدامات کررہی ہے۔

تنظیم نے سعودی عرب میں شعبہ صحت کی ترقی میں اپنا کردارادا کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔اس سال مئی میں اس نے ’’ایک جان کا تحفظ’’(سیونگ اے سول) کی مہم چلائی تھی۔ابتدائی طبی امداد کی تعلیم کے بارے میں آگہی کی اس کامیاب مہم کاگنیز ورلڈ ریکارڈ میں اندراج کیا گیا تھا۔

اتھارٹی نے 24 گھنٹے کے اندراپنی ویب سائٹ کے ذریعے 9836 افراد کے وعدے حاصل کیے تھے۔یہ عالمی سطح پر ایک ریکارڈ تھا۔یہ افراد رضاکارانہ طور پر ابتدائی طبی امداد اور دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں متاثرہ شخص کی بحالی کے خودکار طریقے سیکھیں گے۔اس میں برقی آلات کے ذریعے حرکت قلب اور سانس کی بحالی کے علاوہ جسمانی حرکات سے بحالی شامل ہے۔

سعودی ہلال احمر اتھارٹی عازمینِ حج کی صحت اور حفاظت کو برقرار رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔امسال اس نے جولائی میں اپنے حج مشن کا آغاز کیا تھا۔اس میں 300 سے زیادہ مرد اور خواتین رضاکاروں نے خدمات انجام دیں۔برسرزمین ٹیموں کو 2000 سے زیادہ طبی اشیاء اور 30 مکمل طور پر تیارایمبولینس بیگ مہیّا کیے گئے تھے تاکہ مکہ مکرمہ،عرفات اور مزدلفہ کے مقدس مقامات میں پیرا میڈیک سروسز اور متعلقہ صحت حکام کی معاونت کی جاسکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں