یواے ای اورامریکا کے اعلیٰ فوجی وفود کا دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

متحدہ عرب امارات کے حکام سے امریکا کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق طرفین نے دفاعی شعبوں میں مزید ہم آہنگی کو یقینی بنانے اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے مختلف طریقوں پر بات چیت کی ہے۔

مذاکرات میں امارات کی بحری افواج کے کمانڈر ریئرایڈمرل پائلٹ شیخ سعید بن ہمدان بن محمدآل نہیان اور امریکی بحریہ کی مرکزی کمان کے کمانڈر وائس ایڈمرل بریڈ کوپر اپنے اپنے وفد کی قیادت کررہے تھے۔

واضح رہے کہ اگست کے اوائل میں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے متحدہ عرب امارات کی مجوزہ درخواست پرتھاڈ میزائل راؤنڈز، دو تھاڈ لانچ کنٹرول اسٹیشنز (ایل سی ایس) اور دو تھاڈ ٹیکٹیکل آپریشنز اسٹیشنز (ٹی او ایس) خریدنے کی منظوری دی تھی۔

پینٹاگون نے کہا کہ اس فروخت سے امریکا کی قومی سلامتی کے مفادات میں مدد ملے گی اور ایک اہم علاقائی شراکت دار کی سلامتی میں بہتری آئے گی۔

امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی طور پر ٹیکنالوجی، خلا اوردفاع سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات استوارہیں۔دولت مند خلیجی ملک امریکی فوجیوں کی میزبانی کرتا ہے اور کئی دہائیوں سے واشنگٹن کا تزویراتی شراکت دار رہا ہے۔

گذشتہ ماہ صدر جو بائیڈن نے اپنے اماراتی ہم منصب متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کو امریکا کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔ یہ ان کی طرف سے یوکرین جنگ اور دیگر معاملات پر کئی ماہ سے کشیدہ تعلقات کے بعد دوستانہ اشارہ تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں