لیبیا:دارالحکومت طرابلس کے مغربی مضافات میں جھڑپیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

لیبیا کے متحارب مسلح دھڑوں کے درمیان جمعہ کی رات دیر گئے سے ہفتہ کی صبح تک طرابلس کے مغربی مضافات میں جھڑپیں جاری رہی ہیں جبکہ وزیراعظم عبدالحمیدالدبیبہ کی حکومت کے ساتھ اتحاد کرنے والی فورسزنے دارالحکومت پر اپنا کنٹرول مزید مستحکم کر لیا ہے۔

طرابلس کے مغرب میں واقع علاقہ ورشفالہ میں متحارب فریقوں میں تازہ لڑائی ہوئی ہے۔اس علاقے میں 2011ء میں سابق صدرمعمرقذافی کے خلاف نیٹو کی حمایت یافتہ بغاوت کے بعد سے تشدد اور افراتفری کے گذشتہ گیارہ برسوں کے دوران میں بار بار جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔

ان جھڑپوں سے ایک ہفتہ قبل جنوبی طرابلس میں ایک فوجی ہیڈ کوارٹر پرقابض الدبیبہ کے حامی گروپ کی دوسرے گروپ کے ساتھ لڑائی ہوئی تھی۔اس لڑائی کے بعد کئی گروہ دارالحکومت کے مضافات سے بے دخل کردیے گئے ہیں۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ طرابلس اور مغربی شہر الزاویہ کے درمیان کھیتوں، دیہات اور شہری ضلع وارشفالہ میں مارٹر داغے گئے ہیں۔

گذشتہ ہفتے ہونے والی لڑائی کے دوران الزاویہ میں موجود باشاغا سے وابستہ ایک بڑا دھڑا ان گروہوں میں شامل بتایا گیا تھاجنھوں دارالحکومت کے نواح سے پسپا کر دیا گیا تھا۔طرابلس کے علاقے عین زارا میں اس لڑائی کے دوران میں الدبیبہ کی حمایت کرنے والے ایک طاقتور دھڑے نے سکیورٹی ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا تھا۔

لیبیا کے مشرق میں قائم پارلیمان نے سابق وزیرداخلہ فتحی باشاغا کو وزیراعظم نامزد کیا تھا لیکن طرابلس میں عبدالحمید الدبیبہ کی حکومت کا کنٹرول ہے اور ان دونوں کے دھڑوں کے درمیان گذشتہ کئی ماہ سے تعطل جاری ہے۔

گذشتہ ہفتے ہونے والی لڑائی کے بعد باشاغااورالدبیبہ دونوں نے ترکی کا دورہ کیا ہے۔ترکی نے طرابلس کے ارد گرد فوجی موجودگی برقرار رکھی ہوئی ہے۔اس کی فورسز کے پاس ڈرون بھی ہیں اور وہ کسی بھی جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتے ہیں۔

گذشتہ ہفتے یہ غیرمصدقہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ باشاغا کی حمایت کرنے والے مسلح دھڑوں کے خلاف ڈرون کا استعمال کیا گیا تھا۔

دریں اثناء اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے لیبیا میں ایک نیا ایلچی مقررکیا ہے لیکن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منقسم ہونے سے یہ واضح نہیں کہ عبداللہ باثیلی اس کردار میں کتنا اثر و رسوخ حاصل کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں