سعودی عرب کاقومی دن:شہریوں کی ریاست سے ’تجدیدوفا، حب الوطنی اورمحبّت کا اظہار
سعودی عرب کے 92 ویں قومی دن کے موقع پرملک بھر کے شہریوں نے ریاست کے ساتھ اپنی حب الوطنی، محبت اور وفاداری کا اظہارکیا ہے جبکہ وہ پریڈ، آتش بازی اور تفریحی شوز کے ذریعہ جشن منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
دارالحکومت الریاض میں سعودی عرب کا قومی دن منانے کی تیاریاں عروج پرہیں۔اس موقع پر شہر کی مرکزی شاہراہوں کو قومی پرچم سے سجایا گیا ہے، ٹاورزاور عمارتوں کو سبزروشنیوں سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔
28سالہ سعدالروویلی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کا قومی دن منانا ہمارے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے اور یہ ان گہری اقدار کی یاد دلاتا ہے جن پر مملکت کی تعمیر کی گئی تھی۔مملکت میں ہرسال یہ قومی دن منایا جاتاہے۔مجھے اندرہی اندرمحسوس ہوتا ہے کہ میں سعودی عرب کے ہر قبیلے اورہرخطے کا حصہ ہوں۔
الرویلی نے کہا کہ سعودیوں میں اپنے ملک کے تئیں حب الوطنی کا یہ جذبہ بہت سے عوامل کے امتزاج کی وجہ سے ہے اورمختلف عالمی بحرانوں پر ہماری قیادت کا ردعمل اس تعلق کو مضبوط بناتا ہے۔
الریاض میں مقیم 24 سالہ مے بن العامر نے العربیہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی دن ہر سعودی کے لیے ایک قریبی موقع ہوتا ہے۔یہ ہمارے پیارے وطن کے قیام اور اس کے اتحاد کی سالگرہ ہے۔میرے لیے یہ اس ملک کے ساتھ ایک مضبوط وفاداری کی تجدید کا دن ہے۔
العامر نے مزید کہا کہ ''سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو تحفظ اوراستحکام کا جو احساس دیا ہے،وہ بے مثال ہے۔یہ ملک آپ کوبہت کچھ لوٹاتا ہے اور سماجی تعلقات کا احساس جو ہمارے پاس ہے،وہ ہمارے لیے ضروری ہے''۔
32سالہ سلمیٰ عسیری نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کے اتحاد سے انھیں فخر اور طاقت کا احساس ہوتا ہے۔سعودی عرب کے قومی دن کو منانے کا مطلب مملکت کی قیادت سے وفاداری کی تجدید ہے۔یہ ایک موقع ہے کہ ہم اپنے ملک کے لیےاپنی محبت اور حب الوطنی کو دوبارہ زندہ کریں۔حب الوطنی ہمارے خون میں دوڑتی ہے۔

رواں ہفتے کے اوائل میں سعودی عرب کی تفریح اتھارٹی نے مملکت کے 92 ویں قومی دن کے موقع پرمنعقد کی جانے والی شاندار تقریبات کا اعلان کیا تھا۔سعودی عرب کا قومی دن آیندہ جمعہ 23 ستمبر کو آرہا ہے اور اس دن سے مختلف شہروں میں دس روزہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
قومی دن کے موقع پر شاہی سعودی فضائیہ کے لڑاکاطیارے ٹائفونز، تارنیڈوز اور ایف 15 وغیرہ جدہ میں فضائی شو میں حصہ لیں گے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق یہ فضائی شو اور دیگر تقریبات10 روز تک مختلف شہروں میں جاری رہیں گی۔
شاہی محافظ دستہ الریاض اور جدہ کے راستے فوجی بینڈ کی قومی ترانے کی دھن پر پریڈ کرے گا اور ان کے بعد کلاسیک کاروں کا جلوس نکالا جائے گا۔رائل سعودی نیول فورسز گھڑسواروں کے مارچ کے علاوہ خصوصی میری ٹائم سکیورٹی گروپ کے جہازوں پر مشتمل بحری پریڈ ہوگی اور جدہ اور الخبرمیں فضائی ہیلی کاپٹر بھی پریڈ میں حصہ لیں گے۔

الریاض میں واقع شہزادی نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی کے تھیٹر میں خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا سرکس دوسولیل شو ’دی ویلتھ آف اے نیشن‘(ایک قوم کی دولت)21 سے 24 ستمبر تک پیش کیا جائے گا۔اس میں محمدعبدہ، عبادی، الجواہر،رابح صقر، مجید المہندس، احلام، انغام اور احمد سعد سمیت عرب موسیقار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
وزارت داخلہ اپنے طورپربھی قومی دن کی مناسبت مختلف تقریبات کا اہتمام کررہی ہے جس میں فوجی بینڈ کی براہ راست موسیقی اور دیگر پرفارمنس شامل ہوں گی۔
مملکت بھر کے 18 شہروں کی فضاؤں پر آتش بازی کا بڑا مظاہرہ کیا جائے گا اور عوامی پارک تاریخ اور ورثہ نمائشوں کی میزبانی کریں گے۔مدینہ منورہ میں شہزادہ محمد بن عبدالعزیز اسپورٹس سٹی میں ایک تھیٹریکل پرفارمنس منعقد کی جائے گی جس میں مملکت کی تاریخ بیان کی جائے گی۔
ہرسال 23 ستمبر کو سعودی عرب کا قومی دن 1932ء میں شاہ عبدالعزیز کی طرف سے نجد اور حجاز کے اتحاد پرمشتمل مملکت کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔اسے شاہ عبداللہ نے 2005 میں قومی تعطیل قراردیاتھا اور یہ ’یومِ تاسیس‘ سے مختلف ہے- یہ ایک نئی چھٹی ہے جو فروری 2022 میں سنہ1727 میں پہلی سعودی ریاست کے قیام کے موقع پر متعارف کرائی گئی تھی۔
یواے ای میں تقریبات
متحدہ عرب امارات میں بھی سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر تین روزہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کے دونوں رکن ممالک کے مابین قریبی تعلقات کے ساتھ استوار ہیں۔
بہت سے سعودی شہری دبئی میں رہتے ہیں یا ان کا عام آنا جانا لگا رہتا ہے۔یہ شہرمملکت اوراس کے لوگوں کے لیےخصوصی تقریبات اور وسیع پروگراموں کی میزبانی کرے گا۔اس میں کنسرٹ اور تفریح ،خوردہ پروموشنز ، سرگرمیاں اور ہوٹل کے سودے شامل ہیں۔
عرب موسیقی کی سنسنی اسالہ نصری، فوادعبدالواحد اور اسیل حمیم 24 ستمبر کو کوکا کولا ایرینا میں اپنے تمام چارٹ ٹاپنگ دھنوں پر مشتمل شوکیس کے ساتھ سعودی قومی دن کے اعزاز میں مرکزی مرحلہ اختیار کریں گے۔
سعودی قومی دن کی تقریبات کے حصے کے طور پر دبئی کے مالز میں ٹاپ ریٹیل برانڈز فیشن کپڑوں، لوازمات، جوتے، کاسمیٹکس، خوب صورتی اور پرفیوم، آپٹکس، اندرون اور بیرون گھرسجاوٹ، الیکٹرانکس، ادویہ کے علاوہ ڈیپارٹمنٹل سٹورز اور ہائپر مارکیٹس میں 25 فی صد سے 75 فی صد تک کی چھوٹ فراہم کریں گے۔

سعودی عرب کے قومی دن کے اعزاز میں خریدار خصوصی خوردہ سودوں کے لیے سٹی واک کا رخ بھی کر سکتے ہیں جبکہ آؤٹ لیٹ ویلج اس موقع پر لائیوموسیقی کا اہتمام کرے گا اور 23 ستمبر کو کئی ایک اشیاء سستے داموں یا مفت اپنے خریداروں کوپیش کرے گا۔
چاق چوبند رہنے کے دلدادگان سعودی قومی دن کے موقع منعقید کی جانے والی دوڑ میں حصہ لینے کے لیے میدان گالف کے ٹریک کا رخ کر سکتے ہیں، یہ 23 ستمبر کو رات 8 بجے سے شروع ہوگی جہاں 16 سال سے زیادہ عمر کے بالغ افراد 10 کلومیٹر، 5 کلومیٹر یا 3 کلومیٹر کے فاصلے کی دوڑ میں حصہ لے سکتے ہیں یا چہل قدمی کرسکتے ہیں جبکہ 15 سال تک کی عمر کے بچے1 کلومیٹر کے راستے پر بھاگ سکتے ہیں۔
دبئی فیسٹیول سٹی مال 23 ستمبر کو سعودی قومی دن کے اعزاز میں ایک خصوصی امیجن فاؤنٹین شو کی میزبانی بھی کرے گا۔زائرین اور رہائشی جمعہ کی شام 7 بجے برج العرب جمائیرہ، عین دبئی اور دبئی فریم سمیت سعودی عرب کے پرچم کے رنگوں کو روشن کرنے والے دبئی کے مشہور ترین مقامات کے نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔دبئی کا آسمان بھی رات نو بجے سے ساحل سمندرآتش بازی سے روشن ہوگا۔
دبئی اس سال سعودی عرب کی قومی دن کی تقریبات کے لیے طیاروں کے ذریعے پہنچنے والے خاندانوں اور زائرین کا بھی خیرمقدم کرے گا۔دبئی کا بین الاقوامی ہوائی اڈا ملک کے قومی پرچم کے ساتھ مسافرون کے بیگ ٹیگ کرے گا اور اپنی سکرینوں پر خوش آمدید کے ساتھ مبارک باد پیش کرے گا۔