ناروے میں روسی شہری ڈرون اور کیمرے سمیت گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ناروے میں حکام نے ایک روسی شہری کو ڈرون اور کیمرے کے سازوسامان کے ساتھ گرفتار کرلیا ہے۔یہ مشتبہ شخص گرفتاری کے وقت ملک کے شمال میں واقع ایک ہوائی اڈے کی تصاویرلیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ناروے میں ایک ہفتے میں اس طرح کی یہ دوسری گرفتاری ہے۔

ناروے توانائی پیدا کرنے والے بڑے ادارے کے زیرانتظام تیل اورگیس کے ڈرلنگ پلیٹ فارمزکے قریب پُراسرارڈرونزنظرآنے کی اطلاعات کے بعد سے ہائی الرٹ ہے۔

گذشتہ ماہ بحیرہ بالٹک میں نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن میں دھماکے ہوئے تھے اور اس واقعہ کو تخریب کاری کا نتیجہ قراردیاجاتا ہے۔

حکام کے مطابق 51 سالہ روسی شخص کو جمعہ کے روز ناروے میں ڈرون اڑانے کے شُبے میں گرفتارکیا گیا تھا۔اس فعل کا اس نے اعتراف کیا تھا مگر اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

شمالی قصبے ٹرامسو میں پولیس نے ایک بیان میں کہا:’’پولیس نے فوٹوگرافی کے سامان کی ایک بڑی مقدار ضبط کی ہے۔اس میں ایک ڈرون اور میموری کارڈ کا ذخیرہ بھی شامل ہے‘‘۔

ضبط کیے گئے مواد میں شمالی قصبے کرکینزمیں واقع ایک اور ہوائی اڈے اور نارویجیئن فوج کے بیل ہیلی کاپٹروں کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ٹرامسو پولیس کا کہنا ہے کہ ناروے کی پولیس سکیورٹی سروس کو اس واقعہ کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ناروے نے کئی دیگر مغربی ممالک کے ساتھ مل کر فروری میں یوکرین پر حملے کے بعد روسیوں اور روسی اداروں کو اپنی فضائی حدود میں پروازوں سے روک دیا تھا۔اس پابندی کی خلاف ورزی کی سزا تین سال قید ہے۔

ناروے کی پولیس نے جمعہ کوشمال میں سرحد پار کرنے کی کوشش کے الزام میں ایک اور روسی شہری کو حراست میں لیا تھا۔وہ دو ڈرونز،تصاویراور ویڈیوز کے ذخیرے کے ساتھ اپنے وطن کولوٹ رہا تھا۔

اس شخص کا نام 50 سالہ ویٹالی رستنوف بتایا گیا ہے۔اس کوناروے اور روس کے درمیان واحد ٹرانزٹ پوائنٹ سٹورسکوگ کی سرحدی چوکی سے گرفتار کیا گیا تھا۔رستنوف نے ’’پورے ملک میں‘ڈرون اڑانے کا اعتراف کیا لیکن کسی بھی غلط کام سے انکار کیا ، اور جمعہ کو اسے دو ہفتے کے لیے عارضی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اس کے پاس دو روسی پاسپورٹ اور ایک اسرائیلی پاسپورٹ تھا جب اسے روس واپس جانے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا۔ وہ اگست سے ناروے میں اپنی گرفتاری کےوقت تک جزوی طورپرخفیہ کردہ چار ٹیرا بائٹ کی تصاویر اور ویڈیوز لیے پھرتا رہا تھا۔

نورڈ اسٹریم دھماکوں اور ڈرونزدیکھنے کے بعد ، ناروے نے اپنی توانائی کی تنصیبات کے آس پاس سکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں