سعودی عرب جاپان میں اوساکا ایکسپو 2025 میں شرکت کرے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی عرب جاپان کے شہر اوساکا میں منعقد ہونے والی ایکسپو 2025 میں شرکت کرے گا۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس بات کا اعلان جاپان میں منعقدہ بین الاقوامی منصوبہ بندی کے اجلاس (آئی پی ایم) کے موقع پرکیا گیا ہے۔

اوساکا میں ہونے والی یہ نمائش سعودی عرب کو اپنی ثقافت اور کلچر کو اجاگرکرنے کا ایک اور موقع فراہم کرے گی۔دبئی ایکسپو 2020 میں مملکت کے پویلین نے جس طرح کامیابی حاصل کی تھی اور'بہترین پویلین' کے زمرے میں ایوارڈ جیتا تھا،اسی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سعودی عرب دنیا کو اپنی ثقافت، ورثے اور جدت طرازی سے متعارف کرائے گا۔

اوساکا میں یہ عالمی نمائش توقع ہے کہ 13 اپریل سے 13 اکتوبر2025 تک جاری رہے گی۔اس کا لوگو’’ہماری زندگیوں کے لیے مستقبل کے معاشرے کو ڈیزائن کرنا‘‘ ہے۔

ایس پی اے نے کہا کہ جاپان میں عالمی نمائش میں سعودی عرب کی شرکت عالمی تعاون کے لیے اس کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور یہ شرکت بین الاقوامی تعاون کے اہم مواقع اور سب کے لیے ایک بہتر دنیا کی تعمیرمیں عالمی تجربات سے استفادہ کرنے کے لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہوگی۔

سعودی عرب نے گذشتہ ماہ ستمبرمیں الریاض میں ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے باضابطہ طور پر اپنی جامع درخواست جمع کرائی تھی۔ ورلڈ ایکسپو 2030 کے میزبان ملک کا انتخاب بیورو انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشنز (بی آئی ای) کے رکن ممالک نومبر 2023 میں جنرل اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں