یواےای:نجی کمپنی کے سی ای اوکے خلاف اماراتی قواعدوضوابط کے منافی اقدام پرتحقیقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

متحدہ عرب امارات کے پبلک پراسیکیوشن نے ہفتے کے روز ایک نجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر (سی ای او)کے خلاف اماراتیوں کے لیے غیرہنرمند ملازمت کااشتہار شائع کرنے پرتحقیقات کی اطلاع دی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے اپنے سرکاری پیج پر شیئرکی گئی سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ملازمت کے اشتہار نے امارات کے قواعد و ضوابط اورمیڈیا مواد کے معیار،دونوں کی خلاف ورزی کی ہے کیونکہ اس میں متنازع مواد شامل ہے۔

یواے ای کے وفاقی ادارہ تحقیقات نے واضح کیا ہے کہ اس نے اس متنازع اشتہار کو دیکھا ہے۔اس میں مشتبہ کمپنی اماراتیوں کے لیے اسامی خالی ہونے کا اعلان کررہی تھی۔اس کمپنی یا سی ای او کے بارے میں کوئی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

وام کے مطابق ،خالی اسامیوں یااسامی کے اشتہارکا مواد نجی شعبے میں اماراتیوں کی شرح کی نگرانی کے میکانزم سے متعلق 2022 کی وزارتی قرارداد نمبر279 کی دفعات کی خلاف ورزی پرمبنی ہے۔

وفاقی استغاثہ برائے انسداد افواہ اورسائبرکرائمز نے واقعے کی فوری تحقیقات کا آغازکردیا ہے اور کاروباری ادارے کے سی ای او سے ان کے خلاف لگائے گئے الزامات پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔اٹارنی جنرل نے اس معاملے کی تحقیقات کو فوری طور پرمکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ یواے ای میں نجی شعبے کے کاروباری اداروں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ وزارتی قرارداد 279 میں بیان کردہ کنٹرول اور ہدایات پر عمل کریں اور نجی شعبے میں ملازمت کرنے والے اماراتیوں کی تعداد میں اضافہ کریں تاکہ لیبرمارکیٹ اورملک کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پران کے کردار کوفعال کیا جا سکے۔

یہ واقعہ امارات کے نئے قوانین کے نافذ العمل ہونے سے چند ہفتے قبل سامنے آیا ہے۔یکم جنوری 2023 تک ، 50 سے زیادہ ملازمین والی کمپنیوں کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے عملہ کا دو فی صد اماراتی شہری ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو اس شعبے میں داخل ہونے کی ترغیب دی جاسکے۔

اگرکوئی آجر اس ہدف تک پہنچنے اورمقامی شہریوں کی بھرتی میں ناکام رہتا ہے تو اسے جنوری میں ملازم رکھے جاسکنے والے ہراماراتی کارکن کے بدلے میں قریباً 20،000 ڈالرکا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں