افغانستان وطالبان

افغان خواتین کے ساتھ طالبان کا سلوک ’انسانیت مخالف جرم‘ہوسکتا ہے:گروپ 7

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

دنیا کے سات بڑے صنعتی ملکوں کے وزرائے خارجہ نے کہا ہےکہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ طالبان کا سلوک ’’انسانیت کے خلاف جُرم‘‘کے مترادف ہوسکتا ہے۔انھوں نے افغانستان میں یونیورسٹی میں خواتین کے داخلے پرعایدپابندی کوواپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

دنیاکے سات امیرممالک کےکلب کے وزراء نے ورچوئل مذاکرات کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ’’خواتین کوعوامی زندگی سے بے دخل کرنے کے لیے بنائی گئی پالیسیوں کے نتائج ہمارے ممالک کے طالبان کے ساتھ تعلقات پرمرتب ہوں گے‘‘۔

افغانستان کے حکمران طالبان نے گذشتہ سال اقتدار میں واپسی کے بعدنرم حکمرانی کاوعدہ کیا تھا۔انھوں نے اس ہفتے خواتین کواعلیٰ تعلیم سے محروم کرنے کااعلان کردیا ہے اور اس کے ساتھ عالمی غم وغصے کا رُخ اپنی جانب موڑلیا ہے۔

سخت گیر حکمرانوں نے پہلے ہی مارچ میں لڑکیوں کوثانوی اسکولوں میں جانے سے روک دیاتھا۔جی سیون کے وزراء نے کہاکہ دونوں فیصلوں کو’’بغیر کسی تاخیرکے‘‘واپس لیاجاناچاہیے۔

انھوں نے داہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی)کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ’’صنفی ظلم وستم معاہدۂ روم کے تحت انسانیت کے خلاف جُرم کے زمرے میں آسکتا ہے۔افغانستان بھی اس معاہدے کا ایک ریاستی فریق ہے‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ جی سیون کے رکن ممالک بین الاقوامی قانون کے تحت افغانستان میں انسانی حقوق کی پاسداری کے مطالبے میں تمام افغانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جی سیون کے صدرملک جرمنی کی وزیرخارجہ اینالینا بیربوک نے افغانستان میں خواتین کی یونیورسٹی کی تعلیم پرپابندی کو’پتھر کے دورکی جانب' ایک اورقدم قراردیا ہے۔

انھوں نے برلن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں خواتین اورلڑکیوں کو اب نہ صرف یونیورسٹیوں میں داخلے کی اجازت نہیں بلکہ انھیں پارکوں میں جانے کی اجازت نہیں ہے،انھیں کھلے ہوئے دروازے سے باہرنکلنے کی اجازت نہیں ہے،انھیں سیکھنے کی اجازت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’طالبان وہ سب کچھ چھین رہے ہیں جوافغانستان میں خواتین اورلڑکیوں کے لیے زندگی کا باعث بنتا ہےاورمحض زندہ رہنے سے کہیں بڑھ کرہے‘‘۔

واضح رہے کہ گروپ سات میں برطانیہ، کینیڈا، اٹلی، فرانس، جرمنی، جاپان اور امریکاشامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں