کویت میں حاملہ فلپائنی تارک وطن کوزیادتی کے بعد جلانے کے الزام میں مشتبہ لڑکاگرفتار
کویت میں سکیورٹی فورسز نے فلپائنی تارکِ وطن کی عصمت ریزی اورقتل کے الزام میں ایک مشتبہ لڑکاکو گرفتارکرلیا ہے۔
کویت کی وزارتِ داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراعلان کیا ہے کہ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں سکیورٹی فورسزاس معاملے کو حل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں اور مشتبہ ملزم (لڑکے) کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق اس اندوہناک واقعہ کے حالات کا تعیّن کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مشتبہ لڑکے کی گرفتاری ہفتہ کے روز السلیمی روڈ پر ایک جلی ہوئی لاش ملنے کے ایک روز بعد عمل میں آئی ہے۔العربیہ کی رپورٹ کے مطابق مشتبہ قاتل نے سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقتولہ کی کھوپڑی کو توڑ دیا تھا۔
اس نے مبیّنہ طورپرپہلے فلپائنی خاتون کی عصمت ریزی کی ، پھراس کو قتل کے بعد جلا دیا تھا۔مقتولہ کی شناخت فنگرپرنٹس کی مدد سے ممکن ہوئی ہے۔العربیہ نے کویتی اخبارالرائے کے حوالے سے خبردی ہے کہ پوسٹ مارٹم سے پتاچلاہے کہ خاتون حاملہ تھی۔
تحقیقات سے پتاچلا ہے کہ یہ جرم ایک نوعمر لڑکے نے کیا تھا اور اس نے مبیّنہ طورپر تفتیش کے دوران میں اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔