جرمنی میں ٹرین پرچاقوحملے میں 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

جرمنی کے شمالی علاقے میں ایک علاقائی ٹرین میں سوار مسافروں پرچاقو کے حملے میں دوافراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

وفاقی پولیس فورس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چاقو سے حملہ ہیمبرگ اور کیل شہروں کے درمیان چلنے والی ایک ٹرین میں کیا گیا ہے۔

Advertisement

اس واقعہ میں ملوّث مشتبہ شخص کو بروکسٹیڈ شہر کے ریلوے اسٹیشن سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔فوری طور پریہ واضح نہیں ہوسکا کہ کتنے افراد زخمی ہوئے ہیں یا ان کی حالت کتنی سنگین ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قریباًپانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

علاقائی وزیرداخلہ سبین سوٹریلن واک نے کہا کہ وہ اس حملے سے صدمے میں ہیں اور ان کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں اورمقتولین کے پیاروں کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور ریاستی پولیس حکام اس واقعہ کے محرکات کا تعیّن کرنے کے لیے مل کرکام کررہے ہیں۔

جرمنی کی قومی ریل کمپنی کا کہنا ہے کہ ہیمبرگ اور کیل کے درمیان ریلوے لائن پر چلنے والی بعض ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے تاکہ پولیس اپنی تحقیقات مکمل کرسکے۔

واضح رہے کہ جرمنی میں حالیہ برسوں میں چاقو سے متعدد مہلک حملے کیے گئے ہیں۔ان میں بعض حملے انتہاپسندوں اوربعض شدید نفسیاتی مسائل سے دوچارافراد نے کیے ہیں۔

جرمنی میں ایک عدالت نے دسمبر میں ایک شامی نژاد شخص کوٹرین پرچاقو سے حملہ کرنے کے جُرم میں 14 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

گذشتہ سال جرمنی کی ایک عدالت نے ایک صومالی شخص کو نفسیاتی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔اس نے 2021 میں جنوبی شہر وائزبرگ میں تین افراد کو چاقوکے وار کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں