کویت، قطر اور رابطہ عالم اسلامی کی ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ہالینڈ میں شرپسند اسلام دشمن عناصر کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے مکروہ واقعے پر عالم اسلام کی طرف سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ خلیجی ریاستوں قطر، کویت اور رابطہ عالم اسلامی نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قابل نفرت جرم قرار دیا ہے۔

کویت کی وزارت خارجہ نے ہالینڈ میں ایک انتہا پسند کی جانب سے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قرآن کریم کے مقدس نسخہ کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہا پسند شخص کی جانب سے مقدس کتاب کو پھاڑنے کی ناپاک جسارت کی گئی ہے جو ایک قابل نفر اور دو ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی سوچی سمجھی کوششس ہے۔

ادھر قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قرآن پاک کے نسخے کو پھاڑنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس مکروہ سازش میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام دنیا بھر میں لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا باعث بنا ہے وزارت خارجہ نے کہا ضرورت اس بات کی ہے کہ بات چیت، رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو پھیلایا جائے ۔ نفرت اور انتہا پسندی کی وجوہات کو مسترد کرد یا جائے۔

درایں اثنا رابطہ عالم اسلامی نے ہالینڈ میں قرآن پاک کے نسخے کو چاک کرنے کے مکروہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اسلامو فوبیا کی تازہ اور بدترین مثال قرار دیا ہے۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے خبردار کیا کہ قرآن پاک جیسی مقدس کتاب کی بے حرمتی کے واقعے نے کروڑوں مسلمانوں کےجذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ اس طرح کے اشتعال انگیز واقعات سے عالمی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ ایسے واقعات صرف انتہا پسندوں کے مکروہ ایجنڈے کی تکمیل کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں