ورلڈ ایکسپو2030:انکوائری مشن امیدوارشہروں کے جائزے کے لیے الریاض میں!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

بین الاقوامی نمائش بیورو(بی آئی ای) کا ایک وفد ورلڈ ایکسپو 2030 کے منصوبے کے جائزے کے حصے کے طور پرسعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ہے۔

بی آئی ای کا جائزہ مشن اتوارکو پہنچا تھا اور یہ 10 مارچ تک الریاض کے میزبان ہونے کی تشخیص کرے گااورجائزہ لے گا۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وفد کی قیادت انکوائری مشن کے چیئرپرسن اور بی آئی ای کی انتظامی اور بجٹ کمیٹی کے صدر پیٹرک اسپیخت کر رہے ہیں۔ان کے ہمراہ بی آئی ای کے سیکرٹری جنرل دیمتری کرکنٹز اور دیگر ارکان بھی سعودی عرب آئے ہیں۔

بی آئی ای کی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب سے شروع ہونے والا یہ مشن ایکسپو کے انعقاد کے لیے مقابلہ کرنے والے تین دیگرامیدوارممالک کا دورہ کرے گا۔ان میں یوکرین، جمہوریہ کوریا اور اٹلی شامل ہیں۔عالمی نمائش کے میزبان کے طور پرانتخاب کے لیےچارامیدوار ممالک میں سے ہر ایک کو جائزے کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔

بی آئی ای کا مشن ہرایکسپو پروجیکٹ کی فزیبلٹی اور افادیت کا جائزہ لے گا اور اس کو پیش کردہ امیدوارشہرووں کے ڈوزیئر کی روشنی میں زمینی حقائق کا جائزہ لیا جائے گا۔

سعودی عرب نے ستمبر 2022 میں الریاض میں عالمی نمائش 2030 کی میزبانی کے لیے باضابطہ طور پر اپنی جامع درخواست فائل جمع کرائی تھی۔

وہ یکم اکتوبر 2030 سے 31 مارچ 2031 تک الریاض میں ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اس کا موضوع ’’تبدیلی کا دور: ایک دور اندیش کل کے لیے ایک ساتھ‘‘ ہے۔

انکوائری مشن اپنے جائزے کے دوران میں امیدواری کے ڈوزیئر کو گائیڈ کے طور پر استعمال کرے گا جہاں ہر مشن "ایکسپو کی امیدواری کے پیچھے محرکات، مجوزہ ایکسپو تھیم کی کشش، مجوزہ جگہ اورایکسپو کے بعد اس کے دوبارہ استعمال کی منصوبہ بندی، منصوبہ کے لیے مقامی اور قومی حمایت کی سطح، متوقع شرکت اور مالی طورپرقابل عمل ہونے کے منصوبے پرغور کرے گا۔

اس کے بعد انکوائری مشن کے نتائج پر مئی 2023 میں بی آئی ای کی ایگزیکٹو کمیٹی میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وہ ان امیدواروں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرے گی جن کے منصوبے کو وہ قابل عمل سمجھتی ہے۔

ورلڈ ایکسپو 2030 کے میزبان ملک کا انتخاب نومبر 2023 میں بی آئی ای کی جنرل اسمبلی کے دوران ایک ملک، ایک ووٹ کے اصول پر خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔اس میں بی آئی ای کے رکن ممالک حصہ لیں گے۔

سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ شاہی کمیشن برائے الریاض شہرکے چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) فہد الرشید نے مشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ دورہ مندوبین کو ہماری قیادت کی حمایت، ہماری حکومت کے عزم اور الریاض اور سعودی عرب کے عوام کے جوش وخروش کا مشاہدہ کرنے کا براہ راست موقع فراہم کرے گا۔ 2030 میں ہم اپنے دارالحکومت میں ایک ورلڈ ایکسپو کی میزبانی کریں گے‘‘۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں