شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ چین کا صدر منتخب ہونے پر شہباز شریف کی مبارکباد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

چین کی پارلیمان نے شی جِن پنگ کو تیسری مرتبہ صدر منتخب کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے کو شی جِن پنگ تیسری مرتبہ پانچ سال کے لیے چین کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے چین کے بانی ماؤ زے تنگ کے بعد ملک کے سب سے طاقتور رہنما کے طور پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔

پارلیمان میں نیشنل پیپلز کانگریس کے تین ہزار کے قریب اراکین نے دی گریٹ ہال میں 69 برس کے شی جِن پنگ کو متفقہ طور پر ووٹ دیا تاکہ وہ صدر بن سکیں اور وہاں کوئی دوسرا امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔

ووٹنگ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی اور الیکٹرانک گنتی تقریباً 15 منٹ میں مکمل ہوئی۔ شی جِن پنگ ملک کے مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین کے طور پر بھی تیسری مدت کے لیے منتخب ہوئے۔

پارلیمان نے ژاؤ لیجی کو چیئرمین اور ہان ژنگ کو نیا نائب صدر چن لیا ہے۔ یہ دونوں افراد صدر شی جِن پنگ کی سابق ٹیم سے ہیں۔

گذشتہ سال اکتوبر میں شی جن پنگ مسلسل تیسری بار حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ شی جن پنگ 2013 میں سابق چینی صدر ہوجن تاؤ کے بعد پہلی مرتبہ عہدہ صدارت پر فائز ہوئے تھے۔

شہباز شریف مبارکباد

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شی جن پنگ کو تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے عوام اور پارلیمان کا ان پر اعتماد ان کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے، صدر شی جن پنگ چین کی ترقی اور خوشحالی کی علامت بن چکے ہیں ۔

جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شی جن پنگ کے تیسری بار چین کا صدر منتخب ہونے پر اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ انہیں آئندہ پانچ سال کے لئے چین کا صدر منتخب ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔صدر شی جن پنگ پر چین کے عوام اور پارلیمنٹ کا اعتماد ان کی غیرمعمولی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

صدر شی جن پنگ چین کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی علامت بن چکے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی قیادت میں چین دنیا کی سرفہرست معاشی قوت بن چکا ہے اور یہ سفر مسلسل جاری ہے ۔ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین تعلیم، صحت، زراعت، ایجادات، ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کر رہا ہے ۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ صدر شی جن پنگ کی پانچ سال کی مدت صدارت میں دونوں ممالک کی آزمودہ اور سدا بہار سٹریٹیجک کوآپریشن مزید مضبوط ہوگا ۔ ہم صدر شی جن پنگ، چین کی حکومت اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں