’او آئی سی‘ کا جموں وکشمیر رابطہ گروپ اجلاس، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت
اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان نے شرکت کی
موریطانیہ کی میزبانی میں ہونے والے ’او آئی سی‘ وزراء خارجہ اجلاس کے موقعے پرتنظیم کے کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس میں متعدد مسلمان ممالک کے وزرا خارجہ نے شرکت کی۔اجلاس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔
موریطانیہ میں ہونے والے کشمیر رابطہ گروپ اجلاس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نےشرکت کی۔ اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ کی صدارت میں موریطانیہ میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ، نائیجر، آذربائیجان اور آئی پی ایچ آر سی نےشرکت کی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےاجلاس کو بھارت کےغیرقانونی قبضے کے شکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سےآگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کےپانچ اگست 2019 کے یک طرفہ اقدامات سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے۔ کشمیر رابطہ گروپ نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کے شکار مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ رابطہ گروپ نے جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنے مؤقف پر مشترکہ قرارداد بھی منظور کی۔