بھارت میں مندر کے کنویں پر بنا فرش ٹوٹ گیا، مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 35 ہو گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ریاست مدھیہ پردیش کے شہراندور میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار رام نومی کے موقع پر ایک مندر میں کنویں کی چھت گر جانے سے ایک بڑا حادثہ ہوا جس میں 35 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

رپورٹس کے مطابق شری بالیشور مہادیو جھولے لال مندر میں ایک کنویں پر چھت بنی ہوئی تھی جو عقیدت مندوں کے بوجھ سے دب کر ٹوٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں 30 سے زائد لوگ 40 فٹ گہرے کنویں میں گر گئے، جس میں چار پانچ فٹ تک پانی موجود تھا۔

ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں ابتدائی طور پر 14 افراد کے مرنے کی تصدیق کی تھی مگر بعد میں زخموں کا تاب نہ لا کر 21 مزید افراد لقمہ اجل بن گئے۔

عینی شاہدوں کے مطابق حادثے کے وقت دو درجن سے زائد افراد کنویں کی چھت پر موجود تھے۔ کنواں مندر کے احاطے میں ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کے اوپر ہی مندر بنا ہوا ہے۔ حادثے کے وقت وہاں پوجا ہو رہی تھی۔

رپورٹس کے مطابق چھت گرنے کے بعد کنویں میں پھنسے کئی افراد اس کے برابر میں موجود سیڑھیوں پر چڑھ گئے تھے۔ ان میں کچھ بچے بھی شامل تھے۔ امدادی عملہ نے کنویں کے اندر سیڑھیاں ڈال کر اور لوگوں کو رسیوں سے باندھ کر نکالا۔

اندور میں رام نومی تہوار کا ایک منظر۔ 30 مارچ 2023: اے پی فوٹو
اندور میں رام نومی تہوار کا ایک منظر۔ 30 مارچ 2023: اے پی فوٹو

وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے اعلیٰ حکام کو بذریعہ فون ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع کے اعلیٰ حکام حادثے کے مقام پر پہنچ گئے ۔ رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ کے آس پاس کی گلیاں بہت تنگ ہیں جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری پیش آئی۔

اندور کے ضلع کلکٹر الیا راجہ کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کیں جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہلاک شدگان کے لواحقین کو چار چار لاکھ روپے اور 20 زخمیوں کے لیے پچاس پچاس ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

مندر میں کنوئیں کی چھت کے بیٹھنے کے حادثے میں زخمیوں اور مہلوکین کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ 30 مارچ 2023: اے پی
مندر میں کنوئیں کی چھت کے بیٹھنے کے حادثے میں زخمیوں اور مہلوکین کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ 30 مارچ 2023: اے پی

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق مند رکے احاطے میں تعمیر اور کھدائی کا کام چل رہا ہے۔ اس کی وجہ سے بھی کنویں کی دیوار کمزور ہونے کی وجہ سے اس کی چھت گرنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعلیٰ چوہان سے اس معاملے میں تفصیلات معلوم کی ہیں۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ میں اس حادثے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور دیگر کئی وزرا نے بھی اس حادثے پر اظہار رنج و غم کیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں