اماراتی خلاباز سلطان النیادی نے خلا سے عید کی مبارکباد بھیج دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

اماراتی خلاباز سلطان النیادی نے خلا سے عید الفطر کی مبارکباد بھیج دی۔ انہوں نے ویڈیو بھیجی جس میں وہ قوم کو عید الفطرکی مبارک باد دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ملک کے خلائی مشن کے لیے اپنے علامتی کھلونے موسکوت کو بھی ساتھ رکھا ہوا ہے۔ اس رنگین کھلونے کا نام سہیل ہے۔

عربی موسیقی کے ساتھ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اپنے فالوورز، خاندان اور متحدہ عرب امارات کو عید الفطر کی مبارک دی اور کہا "عام طور پر عید میرے خاندان اور بچوں کے ساتھ ہوتی ہے، لیکن آج میں اپنے دوست سہیل کے ساتھ بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر ہوں۔‘‘

اس موقع پر میں ملک کے رہنماؤں، اپنے خاندان، اپنے دوستوں اور آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اللہ کرے یہ عید پوری دنیا کے لیے امن، خوشی اور بھلائی لے کر آئے۔ آپ سب کو عید کی بہت بہت مبارک ہو۔ ویڈیو کا اختتام انہوں نے سہیل کو چھوڑ کر کیا جو خلا میں تیرنے لگا۔ اس سے قبل انہوں نے ایک ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ عید اپنے "قابل اعتماد دوست سہیل" کے ساتھ منا رہے ہیں۔

واضح رہے محمد بن راشد خلائی مرکز کے سعید العمادی نے کارٹون کردار سہیل تیار کیا تھا تاکہ اگلی نسل میں خلائی اور STEM مضامین (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی) میں دلچسپی پیدا کی جائے۔ اس ہفتے کے آغاز میں النیادی نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے سعودی عرب کے مکہ مکرمہ کی فوٹیج شیئر کی تھی۔

النیادی نے اپنے ٹویٹر پیج پر سعودی عرب کے مقدس مقام کی ایک ویڈیو ٹویٹ کی اور اس فوٹیج کو ان بابرکت راتوں میں شاہ سلمان کے بچوں کے لیے تحفہ" قرار دیا تھا۔ فوٹیج میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو روشن اور سعودی عرب کی مسجد حرام کو اندھیرے میں جگمگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اماراتی خلاباز مارچ میں اپنے چھ ماہ کے مشن پر جانے کے بعد سے باقاعدگی سے آئی ایس ایس سے اپنی فوٹیج شیئر کر رہے ہیں۔ سلطان النیادی 28 اپریل کو انٹرنشینل سپیس سٹیشن سے باہر نکل کر خلائی چہل قدمی مکمل کرنے والے پہلے عرب ہوں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں