امریکاکی اپنےشہریوں کی گرفتاری پرروس کی ایف ایس بی اورایرانی پاسداران پرپابندیاں عاید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکانے جمعرات کے روزروس کی داخلی سکیورٹی سروس ایف ایس بی اور ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے انٹیلی جنس یونٹ پر بیرون ملک امریکیوں کوغلط طریقے سے حراست میں رکھنے کے الزام میں پابندیاں عاید کردی ہیں۔

امریکا نے ان پابندیوں میں پاسداران انقلاب کے شعبہ سراغرسانی کے چارسینیرکمانڈروں کونشانہ بنایاہے۔ان میں ایک شخص پہلے ہی امریکی پابندیوں کی زد میں آچکاہے جبکہ روس کی ایف ایس بی اس سے قبل بھی امریکی پابندیوں کا شکارہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے سینیرعہدے داروں نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پرصحافیوں کو بتایاکہ اس اقدام کا مقصدیہ ظاہرکرنا ہے کہ ان لوگوں کے لیے مضمرات ہوں گے جنھوں نے امریکی شہریوں کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے یا واشنگٹن سے مراعات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔

انتظامیہ کے ایک سینیرعہدہ دار نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پرنامہ نگاروں کو بتایا کہ ’ہمارا یہ اقدام دنیا بھر کے ان لوگوں کے لیے ایک انتباہ ہے جو امریکی شہریوں کوان کے اقدامات کے ممکنہ نتائج کے بارے میں غلط طریقے سے حراست میں لیں گے‘۔

ان کاکہناتھا کہ’’آج کی پابندیاں ان کوششوں کے سلسلے میں سے ایک ہیں جن میں سے کچھ سرکاری اور کچھ نجی ہیں اورجن کا مقصد غیر قانونی طور پر بیرون ملک قید امریکی شہریوں کی رہائی کو یقینی بنانا، مجرموں کے احتساب کو فروغ دینا اور ایسا کرکے مزید ایسے کیسوں کوسامنے آنے سے روکنا ہے‘‘۔

واضح رہے کہ امریکا کے دو حریف ممالک روس اور ایران نے متعدد امریکی شہریوں کو اپنی جیلوں میں قید کر رکھا ہے، جن کے بارے میں واشنگٹن کا کہنا ہے کہ انھیں غلط اور سیاسی الزامات کی بنیاد پر پس دیوار زنداں کیا گیا ہے۔

روس کی ایف ایس بی نے وال اسٹریٹ جرنل کے لیے کام کرنے والے امریکی صحافی ایون گرشکووچ کو گذشتہ ماہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ سابق امریکی میرین پال ویلان بھی جاسوسی کے الزام میں روس کی ایک پینل کالونی میں 16 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ روس ان کی گرفتاری کو درست قرار دیتا ہے اور ان سے متعلق کسی بھی غلط کام سے انکاری ہے۔

روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے اس کے امریکا کے ساتھ تعلقات میں سردمہری آئی ہے۔امریکا اورروس کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں میں بدترین سطح پرپہنچ گئے ہیں، تاہم سرد جنگ کے دو سابق حریفوں نے منقسم سفارت کاری کی ہے جس کے نتیجے میں گذشتہ سال دو قیدیوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

واشنگٹن نے منشیات کے الزام میں روس میں قید امریکی باسکٹ بال اسٹار برٹنی گرینر کی رہائی کے بدلے میں روس کے اسلحہ ڈیلر وکٹر بوٹ کی سزا کم کر دی ہے۔

غیر ملکی حکومتوں کی جانب سے حراست میں لیے گئے امریکیوں کی حالت زار گرینر کے معاملے پر شہ سرخیوں کے ساتھ منظرعام پرآئی ہے۔جیمزفولے فاؤنڈیشن کے مطابق اگرچہ امریکی حکومت نے اعدادوشمار فراہم نہیں کیے لیکن 60 سے زیادہ امریکی شہری اس وقت بیرون ملک زیرحراست ہیں اوران میں کئی ایک ایران کی جیلوں میں بند ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں