مذاکرات کی میزبانی پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں: سوڈانی فوجی سربراہ

ہم اپنے معاملے کو بین الاقوامی بنانا نہیں چاہتے، بحران کا حل پر امن طریقہ میں ہی ہے: جنرل البرھان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سوڈانی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان نے پیر کو کہا ہے کہ ہم اپنے معاملے کو بین الاقوامی بنانے سے انکار کرتے ہیں اور ہم اپنے اوپر بیرونی شرائط مسلط نہیں کرنا چاہتے۔ لڑائی روکنے کے مقصد پر مذاکرات کی میزبانی کرنے پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں۔

مصری میڈیا کو دیے گئے بیانات میں سوڈانی فوج کے کمانڈر نے واضح کیا کہ جنگ بندی کے لیے کسی بھی تاریخ کے بارے میں بات کرنا اب ممکن نہیں ہے۔ آر ایس ایف کی جانب سے رہائشی محلوں کو نہ چھوڑنے کی صورت میں ان سے بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوڈان میں موجودہ بحران کو حل کرنے کا بہترین طریقہ پرامن راستہ ہے۔

البرہان نے مزید وضاحت کی کہ سوڈانی دارالحکومت خرطوم کے ہسپتالوں اور پولیس سٹیشنوں میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے اہلکار تعینات ہیں۔ ہم خرطوم میں ریپڈ سپورٹ فورسز کی موجودگی کو ختم کرنے کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا ریاستی اداروں میں ریپڈ سپورٹ فورسز کی موجودگی فوج کی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ ہمیں خدشہ ہے کہ جنگ دیگر سوڈانی ریاستوں تک پھیل سکتی ہے۔

سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان بات چیت کے تسلسل اور جنگ بندی کے باوجود پیر کو خرطوم اور ام درمان میں نئے سرے سے جھڑپیں ہوئیں۔ یہ جھڑپیں اس وقت ہوئی ہیں جب بین الاقوامی اور علاقائی ثالث اب بھی دونوں فریقوں کو مذاکرات کی طرف لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد سوڈان میں مستقل جنگ بندی قائم کرنا ہے۔

خیال رہے ہفتہ 6 مئی کو جدہ میں عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں فوج کے نمائندوں اور محمد حمدان دقلو کی سربراہی میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے نمائندوں کے درمیان تکنیکی بات چیت شروع ہوئی۔ اس بات چیت میں طبی سامان کی منتقلی کو آسان بنانے اور انسانی امداد کی فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے 15 اپریل سے شروع لڑائی کے 22 دنوں میں 700 افراد ہلاک اور 5000 سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سوڈان میں اس مسلح تصادم میں 3 لاکھ 35 ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے انتباہ کیا کہ آنے والے مہینوں میں سوڈان میں 19 ملین افراد بھوک اور غذائی قلت کا شکار ہو سکتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں