ایران جوہری معاہدہ

ایران جلد ہائپر سونک میزائل کی رونمائی کرے گا: سپاہِ پاسداران انقلاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے ایک سینیر کمانڈر نے مستقبل قریب میں ہائپر سونک میزائل متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ایران نے گذشتہ ہفتے ایک نئے بیلسٹک میزائل کی رونمائی کی تھی جو 2000 کلومیٹر (1242 میل) تک ہدف کو نشانہ بنانے اور ایک ٹن وزنی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نے پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس یونٹ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ کے حوالے سے بتایا کہ’’ہائپر سونک میزائل اپنے تجربات سے گزر چکا ہے اور جلد ہی اس کی رونمائی کی جائے گی‘‘۔

یہ نیا میزائل تمام دفاعی نظاموں میں شگاف ڈالنے اور سے گزرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ دشمن کے میزائل شکن نظام کو نشانہ بناتا ہے اور ایران کی میزائل سازی کی صلاحیت میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔ہائپر سونک میزائل کی رفتار تیز ہے اور یہ فضا کے اندر اور باہر حرکت کر سکتا ہے۔

گذشتہ سال نومبر میں حاجی زادہ نے ابتدائی طور پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے ہائپر سونک میزائل تیار کر لیا ہے۔ اس دعوے پر واشنگٹن کی جانب سے شکوک وشبہات کا اظہار کیا گیا تھا اور پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کے نزدیک یہ دعویٰ مشکوک ہے۔

ہائپر سونک میزائل آواز سے کم سے کم پانچ گنا زیادہ رفتار سے پرواز کر سکتے ہیں، یہ پیچیدہ راستے سے گذر سکتے ہیں جس کی وجہ سے انھیں روکنا یا ان کا سراغ لگانا مشکل ہوجاتا ہے۔ بیلسٹک میزائلوں کے برعکس ہائپر سونک میزائل فضا میں کم اونچائی پر سفر کرتے ہیں، جس سے ممکنہ طور پر وہ زیادہ تیزی سے اہداف تک پہنچ سکتے ہیں۔

گذشتہ جمعرات کو ایران نے خیبر میزائل کی رونمائی کی تھی، جو ملک کے اب تک کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل خرمشہر کا نیا ورژن ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا نے بتایا کہ خیبر مائع ایندھن سے چلنے والا میزائل ہے۔یہ دو ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور1500 کلوگرام وزنی ہتھیار یا وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

دوسری جانب امریکا نے ایران کے میزائل پروگرام کو 'سنگین خطرہ' قرار دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور پھیلاؤ علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور جوہری عدم پھیلاؤ کا ایک اہم چیلنج ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں