پھر لڑکھڑاہٹ، امریکی صدر بائیڈن اس مرتبہ گھٹنوں کے بل گر گئے

واقعہ نے دوسری مدت کے لیے امیدوار امریکہ کے معمر ترین صدر کی عمر کے متعلق مزید تشویش پیدا کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

امریکی صدر جو بائیڈن پھر لڑکھڑا گئے، امریکی معمر ترین صدر اس مرتبہ گھٹنوں کے بل ہی گر گئے۔ جمعرات کو 80 سالہ صدر کولوراڈو میں ایئر فورس اکیڈمی کے گریجویٹس کو سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے دوران پوڈیم سے ٹھوکر کھا کر گھٹنوں کے بل گر گئے۔

بائیڈن نے ملٹری اکیڈمی میں گریجویشن کی تقریب کے دوران تقریر کی۔ انہوں نے ابھی ایک گریجویٹ سے مصافحہ کیا تھا اور اپنی سیٹ پر واپس آنے ہی والے تھے کہ وہ زمین پر گر پڑے۔ ایئر فورس کے اہلکار بائیڈن کو دوبارہ کھڑا ہونے میں مدد کے لیے دوڑ پڑے۔ بظاہر کھڑا ہونے کے لیے بائیڈن کو مزید کسی مدد کی ضرورت نہیں پیش آئی۔

بائیڈن زمین پر گرے ہوئے
بائیڈن زمین پر گرے ہوئے

امریکی صدر کھڑے ہوئے تو انہوں نے ایک ایسی چیز کی طرف اشارہ کیا جس سے لگتا تھا کہ وہ اس چیز سے اٹک کر پھسلے ہیں۔ یہ شے ایک چھوٹے سے سیاہ ریت کے تھیلے کی طرح دکھائی دے رہی تھی ۔

واقعہ کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر بین لا بولٹ نے ٹویٹ کیا کہ بائیڈن بالکل ٹھیک ہے۔ جب وہ فارغ التحصیل افراد کے ساتھ مصافحہ کر رہے تھے تو پوڈیم پر ایک سینڈ بیگ موجود تھا۔ بعد ازاں بائیڈن نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دینے کے لیے رکے بغیر طیارے میں واپس واشنگٹن چلے گئے۔

یہ واقعہ امریکہ کے معمر ترین صدر کی عمر کے بارے میں مزید تشویش پیدا کر رہا ہے کیونکہ بائیڈن دوسری مدت کے لیے الیکشن لڑنے کے بھی خواہش مند ہیں۔

ریپبلکنز نے بھی بائیڈن کی صحت پر توجہ مبذول کر رکھی ہے ۔ اس ماہ امریکی ریپبلکن پارٹی کے 60 سے زائد ارکان نے صدر بائیڈن کو ایک خط بھیجا جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی ذہنی صلاحیتوں کا اندازہ لگانے کے لیے ٹیسٹ کرائیں یا آئندہ صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو جائیں۔

بائیڈن کے صدر بننے کے بعد سے ریپبلکنز نے اسی طرح کی درخواستوں کے ساتھ تین خطوط بھیجے ہیں لیکن ان سب کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

آخری خط میں ریپبلکنز نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ امریکی صدر کا 2021 اور 2023 میں جسمانی معائنہ کیا گیا تھا اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ ان کا کوئی ذہنی ٹیسٹ کروایا گیا ہے۔ اگر بائیڈن 2024 کے صدارتی انتخابات جیت جاتے ہیں تو وہ اپنی دوسری مدت کے اختتام پر 86 سال کے ہو جائیں گے۔

بائیڈن نے اس سے قبل کہا تھا وہ امریکی شہریوں کے ساتھ ایماندار رہیں گے اور اگر مجھے صحت کے مسائل درپیش ہوئے تو اس کااعلان کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں