یوکرین کا روس کے خلاف بڑے جوابی حملے سے قبل ’خاموشی‘ اختیار کرنے پر زور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

یوکرین کی فوج نے روسی افواج کے خلاف طویل عرصے سے زیرالتوا جوابی حملے کے بارے میں آپریشنل خاموشی اختیار کرنے کی درخواست کا اعادہ کیا ہے۔ یہ کیف کی جانب سے حملے کی تیاری کے سلسلے میں تازہ پیغام ہے۔

یوکرینی فوج سے مشرق اور جنوب میں روس کے زیر قبضہ علاقے واگزار کرانے کے لیے ایک بڑے حملے کی توقع کی جا رہی ہے لیکن یوکرین کے حکام نے بار بار اس آپریشن کے بارے میں عوامی قیاس آرائیوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دشمن کو مدد مل سکتی ہے۔

حالیہ دنوں میں حکام نے روسی میزائلوں کو مار گرانے والے فضائی دفاعی نظام کی تصاویر یا فوٹیج شیئر کرنے والے شہریوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا ہے۔

یوکرینی وزارت دفاع نے سرکاری ٹیلی گرام چینلوں پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں جوابی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے آغاز کا کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا اور یہ قول نقل کیا ہے:’’منصوبے خاموشی سے محبت کرتے ہیں‘‘۔

اس فوٹیج میں نقاب پوش اور مسلح فرنٹ لائن کے فوجی اپنے ہونٹوں پر انگلیاں رکھے دکھائی دے رہے ہیں اور توپ خانے اور فائرنگ کی گونج کے درمیان خاموشی کا اشارہ کر رہے ہیں۔

اس کا اختتام ایف-16 لڑاکا طیاروں کی تصاویر کے ساتھ ہوتا ہے۔یوکرین طویل عرصے سے یہ لڑاکا جیٹ مہیا کرنے کا مطالبہ کررہا تھا کیونکہ وہ روسی میزائلوں اور ڈرونز کے خلاف اپنے فضائی دفاع کو مزید مضبوط کرنا چاہتا تھا۔

کیف کے مغربی اتحادیوں نے حالیہ مہینوں میں جوابی کارروائی کے لیے ہتھیار، اسلحہ اور گولہ بارود مہیا کیا ہے، جس کے بارے میں فوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ روسی افواج کے خلاف مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔

یوکرینی صدر ولودی میر زیلنسکی نے ہفتے کے روز ایک انٹرویو میں کہا کہ کیف روس کے خلاف کارروائی کے لیے تیار ہے لیکن انھوں نے اس سے متعلق کوئی پیشین گوئی کرنے سے گریز کیا۔

انھوں نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ ’’سچ کہوں تو یہ مختلف طریقوں سے ہو سکتا ہے، بالکل مختلف۔ لیکن ہم ایسا کرنے جا رہے ہیں، اور ہم تیار ہیں‘‘۔

یوکرینی فوج نے گذشتہ ہفتے جنگی تیاریوں سے متعلق ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں فوجیوں کو جنگ کی تیاری کرتے اور پرجوش دعائیں پڑھتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔اس کو بعد میں بھرتی کے کلپ کے طور پر نشر کیا گیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں