برطانیہ کا خلیج تعاون کونسل اور اردن کے شہریوں کے لیے ویزا میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

برطانیہ نے خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کے ممالک اور اردن کے شہریوں کے لیے ویزا میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے جس سے ان کے لیے برطانیہ کا سفر آسان ہو جائے گا۔

برطانیہ کی نئی الیکٹرانک سفری مجاز اسکیم (ای ٹی اے) کے تحت جی سی سی کے شہریوں اور اردن کے شہریوں کو ای ٹی اے کی درخواست دینے کے لیے صرف 12.44 ڈالر (10 پاؤنڈ) ادا کرنا ہوں گے۔اس طرح انھیں دوسال میں کثیر داخلے کا ویزا حاصل ہوجائے گا۔

برطانیہ کے محکمہ داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ای ٹی اے ان مسافروں کو ڈیجیٹل اجازت دیتا ہے جو برطانیہ میں آتے ہیں یا راہداری سفر کرتے ہیں۔انھیں مختصر قیام کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہے یا جن کے پاس فی الحال برطانیہ کا دوسرا ویزا نہیں ہے۔

جی سی سی ممالک اور اردن کے شہری اس اسکیم سے سب سے پہلے مستفید ہوں گے، جس سے ان کے لیے برطانیہ کا سفر کرنے کی احتیاجات کو امریکا اور آسٹریلیا جیسے دیگر زائرین کی طرح لایا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت اکتوبر 2023 میں قطری شہریوں کے لیے اور فروری 2024 میں جی سی سی کے باقی ممالک اور اردن کے لیے نیا نظام نافذ کرے گی۔

برطانیہ کے مشرقِ اوسط، شمالی افریقا اور جنوبی ایشیا کے امور کے وزیر مملکت لارڈ احمد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’مجھے خوشی ہے، خلیج اور اردن میں ہمارے شراکت دار برطانیہ کی نئی الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن اسکیم سے سب سے پہلے فائدہ اٹھائیں گے۔ یہ منصوبہ برطانیہ اور خطے کے ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کا مزید ثبوت ہے‘‘۔

برطانیہ کی سیاحت کی صنعت میں خطۂ خلیج اور اردن کے شہریوں کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے امیگریشن کے وزیر رابرٹ جینرک نے کہا کہ اس اسکیم سے جی سی سی کے شہریوں اور اردن کے شہریوں کے لیے برطانیہ کا سفر آسان اور سستا ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت خلیجی شہری موجودہ الیکٹرانک ویزا وویئر (ای وی ڈبلیو) اسکیم کے تحت برطانیہ کے سفر کے لیے 37 ڈالر (30 پاؤنڈ) ادا کرتے ہیں جبکہ اردن کے شہری وزٹ ویزا کے لیے 124 ڈالر (100 پاؤنڈ) ادا کرتے ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق 2022 میں جی سی سی ممالک کے 7 لاکھ 90 ہزار افراد نے برطانیہ کا سفر کیا تھا اور اپنے قیام کے دوران میں ڈھائی ارب ڈالر (2 ارب پاؤنڈ) خرچ کیے تھے۔

زائرین ایک آسان عمل کے ذریعے ای ٹی اے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور اس کو موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے مکمل کیا جاسکتا ہے۔درخواست دینے والے افراد کو شخصی کوائف نامے اور بائیو میٹرک تفصیل جیسے ڈیجیٹل تصویر فراہم کرنے کے علاوہ سفر سے متعلق بعض سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں