کیوبا میں چین کا جاسوسی اڈہ پہلے ہی قائم ہو چکا: امریکی عہدیدار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

حالیہ عرصے میں اس معاملے پر ہنگامہ کے درمیان امریکی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ چین نے پہلے ہی کیوبا میں جاسوسی کا اڈہ قائم کر لیا ہے۔ واضح رہے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب چین اور امریکہ دونوں اس حوالے سے تردید کر چکے ہیں۔

اخبار ’’ پولیٹیکو‘‘ کے مطابق اس عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ہفتہ کے روز کہا کہ جاسوسی کا یہ اڈہ واشنگٹن کے لیے مستقل تشویش کا باعث ہے اور امریکہ اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات بھی کر رہا ہے۔

امریکی عہدیدار نے یہ بھی واضح کیا کہ جب امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے جنوری 2021 میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں تو انہیں کیوبا میں اس پلیٹ فارم سمیت دنیا بھر میں انفراسٹرکچر اور متعدد حساس اڈوں کو توسیع دینے کی چین کی کوششوں کے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔

امریکی عہددیار نے اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ نے یہ اڈہ 2019 سے قائم کرلیا تھا اور دو دن قبل پھیلنے والی یہ معلومات درست نہیں کہ چین نے ہوانا کے ساتھ مستقبل میں ایسا اڈہ تعمیر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ معلومات انٹیلی جنس ریکارڈ میں بھی درج ہے۔ تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ بائیڈن نے مزید تفصیلات ظاہر کیے بغیر اپنی انتظامیہ کو مہینوں کے اندر اس مسئلے سے نمٹنے کی ہدایت کردی ہے۔

عہدیدار نے امریکی سفارتی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ چینی کوششوں کو سست کر رہا ہے۔ عہدیدار نے ان کوششوں کی تفصیل نہیں بتائی ۔

اعلیٰ خفیہ انٹیلی جنس سے واقف امریکی حکام نے جمعرات کو دعویٰ کیا تھا کہ جاسوسی کا مرکز قائم کرنے کے لیے بیجنگ اور ہوانا کے درمیان ایک خفیہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم فلوریڈا سے تقریباً 100 میل دور جزیرے پر بنایا جائے گا۔ اس اڈے سے چینی انٹیلی جنس سروسز کو پورے امریکہ میں الیکٹرانک مواصلاحت حاصل کرنے کی صلاحیت حاصل ہو جائے گی۔

"وال سٹریٹ جرنل" کے مطابق یہ اڈہ چینی حکام کو امریکی بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کی بھی قابل بنا دے گا۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ بیجنگ نے اس جاسوسی سٹیشن کی تعمیر کی اجازت دینے کے لیے کئی بلین ڈالر کی نقد رقم ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور دونوں ملک ایک ابتدائی معاہدے پر پہنچ چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں