سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل ہفتے کو ایران کا سرکاری دورہ کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ہفتے کے روز ایران کے سرکاری دورے پر دارالحکومت تہران جائیں گے۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شہزادہ فیصل ہفتہ 17 جون کو تہران پہنچیں گے جہاں وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

تاہم الریاض یا تہران کی جانب سے اس دورے کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ایرانی حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرومی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ فیصل ایران کا دورہ کریں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ شہزادہ فیصل کے دورے کے موقع پر سعودی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کچھ اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

مارچ میں دونوں ممالک نے چین کی ثالثی میں سات سفارتی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کا اعلان کیا تھا۔اس معاہدے کے تحت سعودی عرب اور ایران نے ایک دوسرے کے علاقوں میں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل دست خط شدہ سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پراتفاق کیا تھا۔

ایران نے رواں ماہ کے اوائل میں الریاض میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا تھا۔ سعودی عرب نے ابھی تک یہ نہیں بتایا ہے کہ وہ تہران میں اپنا سفارت خانہ کب کھولے گا اور اسلامی جمہوریہ ایران میں اس کا سفیر کون ہوگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں