دبئی کی الامارات ایئرلائن کا سعودی عرب کے لیے اضافی حج پروازیں چلانے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

دبئی کی ملکیتی الامارات ایئرلائن نے سعودی عرب کے لیے اضافی حج پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

اس اختتام ہفتہ کے بعد حج سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی الامارات نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسلام کے مقدس شہر مکہ مکرمہ اور جدہ کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔ ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا کہ اس دوران میں مدینہ منورہ کے لیے روزانہ پروازیں چلائی جائیں گی۔

فضائی کمپنی نے جدہ کے لیے دوطرفہ دس پروازوں کا اضافہ کیا ہے اوراس روٹ پر 7 جولائی تک بوئنگ 777 کی پروازیں چلائی جائیں گی۔جدہ کے لیے حج پروازیں الامارات ایئرلائن کے سعودی عرب کے لیے موجودہ شیڈول کے متوازی چلیں گی۔

اس میں کہا گیا ہے کہ اضافی پروازیں ان مسافروں کے لیے کھلی ہیں جن کے پاس کارآمد حج ویزا ہے۔ان کی عمر 12 سال سے زیادہ ہو اور مسافروں نے کووڈ-19 سے بچاؤ کی ویکسین لگوا رکھی ہو۔

الامارات نے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، سینی گال، آئیوری کوسٹ، ماریشس اور جنوبی افریقا سے سعودی عرب کے لیے حج پروازیں چلا رہی ہے۔

دبئی سے آنے والے عازمینِ حج کے لیے ہوائی اڈے پر ایک ٹیم چیک ان کا انتظام کرے گی اور رسمی کارروائیوں میں مدد کرے گی۔ایئرلائن کا کہنا ہے کہ دبئی سے گزرنے والے مسافروں کو بھی ان کی آمد کے گیٹ سے روانگی کے گیٹ تک لے جایا جائے گا اور حج ٹیم کی جانب سے آمد کی تمام رسمی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

الامارات کا کہنا ہے کہ اس کی حج پروازوں میں سوار ہونے والے مسافروں کو ان کے عقیدے کی اقدار اور روایات کے مطابق خدمات مہیا کی جائیں گی۔انھیں وضو کی سہولت، بغیر خوشبو تولیے اور اضافی کمبل مہیا کیے جائیں گے اور طیارے کے المیقات زون میں داخل ہونے کے اعلانات کیے جائیں گے تاکہ عازمین حج احرام باندھ سکیں۔مسافر پانچ لیٹر تک آب زم زم چیک اِن کرسکیں گے، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اسے کارگو ہولڈ میں خصوصی خانوں میں رکھا جائے گا۔

عید الاضحیٰ کی چھے روزہ تعطیلات کے دوران میں طلب کو پورا کرنے کے لیے مشرقِ اوسط کے مقبول مقامات پر 34 پروازوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔الامارات کا کہنا ہے کہ اس نے 21 سے 30 جون تک عمان کے لیے 10 پروازیں اور 20 سے 29 جون تک بیروت کے لیے مزید 10 پروازوں کا اضافہ کیا ہے۔ جی سی سی کے ممالک میں فضائی کمپنی21 سے 25 جون تک الدمام کے لیے پانچ پروازیں اور 22 جون سے 2 جولائی تک کویت کے لیے نو اضافی پروازیں چلائی جائے گی۔ایئرلائن عیدالاضحیٰ کے جشن کے مطابق کھانے کے آپشنز بھی پیش کرے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں