امریکا میں دو سالہ بچے نے اپنی حاملہ ماں کو گولی مار کر قتل کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا میں دو روز قبل ایک سات سالہ بچے نے اپنے پانچ سالہ ساتھی کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔ اس سانحے کی گونج ابھی ختم نہیں ہوئی تھی کہ انکل سام کے دیس میں قتل کا ایک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے۔ تازہ واقعے میں ایک دو سالہ بچے کے ہاتھوں اپنی حاملہ ماں کا قتل ہے۔

اطلاعات کے مطابق دو سالہ بچے نے اپنی حاملہ ماں کی پیٹھ میں گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ اور اس کے بطن میں موجود بچہ دونوں جان سے گئے۔

امریکا کی 33 کروڑ کی آبادی میں 400 ملین آتشیں اسلحہ موجود ہے جہاں آئے روز قتل کی لرزہ خیز وارداتیں ہوتی ہیں۔

امریکی ریاست اوہائیو کی مقامی پولیس نےبتایا ہے کہ ایک دو سالہ بچے نے غلطی سے اپنی آٹھ ماہ کی حاملہ ماں کو پیٹھ میں بھاری بھرکم اور غیر محفوظ پستول سے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

آٹھ ماہ کی حاملہ

پولیس کمشنر ڈیوڈ اسمتھ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ معلومات کے مطابق 31 سالہ مقتولہ لورا ایلج نے 16 جون کی سہ پہر کو مدد طلب کی اور کہا کہ وہ نارواک میں اپنے گھر پر اپنے بیٹے کی طرف سے چلائی گئی گولی سے زخمی ہوئی ہیں۔

"نیوز 5 کلیولینڈ" چینل کے مطابق اسمتھ نے نشاندہی کی کہ خاتون نےبتایا کہ وہ حمل کے 33ویں ہفتے میں ہے۔ اس کے دو سالہ بچے نے غلطی سے اسے بندوق سے پیٹھ میں گولی مار دی۔

پولیس ٹیم جب خاتون کے پاس پہنچی تو وہ ہوش میں تھی۔ خاتون نے وضاحت کی کہ اس کا بیٹا ماسٹر بیڈ روم میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا جو عموماً بند ہوتا ہے۔ اس وقت وہ کپڑے دھو رہی تھی۔ بچہ ہتھیار سے کھیلنے لگا۔

پولیس کو گھر سے کیسا اسلحہ ملا؟

پولیس چیف نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز کی تیز رفتار مداخلت کے باوجود نوجوان خاتون اپنے پیٹ میں موجود بچے کو بچانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ وہ پیٹ میں موجود بچے سمیت ہسپتال میں دم توڑ گئی۔

پولیس کو پلنگ کے ٹیبل پر ایک 9 ایم ایم ہینڈ گن اور دو دیگر بھری ہوئی آتشیں بندوقیں ملیں۔

دوسری طرف مقتولہ کے شوہر جو واقعے کے وقت گھر سے باہر تھے نے پولیس کو بتایا کہ اسلحہ اس کا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکا میں یہ واقعہ تازہ ترین سانحہ ہے۔امریکا میں اس طرح کے واقعات آئے روز کا معمول ہیں جہاں کروڑوں لوگوں کے پاس اسلحہ موجود ہے۔

مارچ میں ہیوسٹن کے قریب ایک 3 سالہ لڑکی نے غلطی سے اپنی 4 سالہ بہن کو بندوق سے قتل کر دیا حالانکہ گھر میں ان کے والدین سمیت 5 بالغ افراد موجود تھے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 40 فیصد امریکی خاندانوں کے پاس بندوقیں ہیں اور ان میں سے زیادہ تر خاندانوں کے ہاں بچے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں